اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزیراطلاعات فوادچوہدری نے کہا ہے کہ مہنگائی نے میرا بھی بیڑہ غرق کر دیا،اچھی خاصی تنخواہ لے رہے تھے، اب 2، اڑھائی لاکھ پر آگئے ہیں ۔
ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ وہ اچھی خاصی تنخواہ لے رہے تھے، اب 2، اڑھائی لاکھ پر آ گئے ہیں اور ان کا بیٹرہ غرق ہو گیا ہے۔پروگرام کے میزبان نے کہا کہ مہنگائی کا اثر تو ان پر نہیں ہوتا تو فواد چو ہدری نے کہا کہ وہ ایک غریب آدمی ہیں۔میزبان نے پھر سوال داغا کہ آپ کی صحت دیکھ کر تو نہیں لگتا کہ آپ کا بیٹرہ غرق ہو گیا ہے،جواب میں فواد چوہدری نے کہا کہ اچھا خاصا جم جاتے تھے، اب نہیں جا پاتے اس وجہ سے وزن بڑھ گیا۔
انہوں نے کہا ہے کہ یہ بات سچ ہے کہ مہنگائی ہوئی ہے اور تنخواہ دار طبقہ زیادہ متاثر ہوا ہے اور انہیں مہنگائی کی چبھن زیادہ ہوئی ہو گی۔وزیراطلاعات نے ایک انوکھی منطق بھی پیش کی کہ مہنگائی سے پورا پاکستان متاثر نہیں ہوا اگر ایسا ہوتا تو گھی، ڈیزل اور پٹرول کی کھپت میں اضافہ نہ ہوتا۔
کہتے ہیں کہ ڈیزل اور پیٹرول سب سے مہنگا ہونے کے باوجود اس کی کھپت میں 26 فیصد اضافہ ہوا ہے،بجلی مہنگی ہے مگر اس کی کھپت بھی 13فیصد بڑھ گئی ۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی سے کچھ طبقات متاثر ہوئے ہیں، زیادہ لوگوں کو اثر نہیں پڑا۔