ڈی آئی خان ، 300خاندانوں میں شور کوٹ کے مقام پر راشن کی تقسیم کی حوالے سے تقریب


ڈیر ہ اسماعیل خان(صباح نیوز) الخدمت فاؤنڈیشن ڈیرہ کی جانب سے کال فار رائز نامی ڈونر کے تعاون سے حالیہ شدید سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی امداد و بحالی کی کوششوں کے سلسلہ میں 300خاندانوں میں شور کوٹ کے مقام پر راشن کی تقسیم کی حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔

تقریب میں الخدمت فاؤنڈیشن کے ضلعی صدر منظر مسعود خٹک،تحصیل امیر جماعت اسلامی حاجی عقیل ڈمرہ، کال فار رائز کے نمائندوں نادر اور خورشیدکے علاوہ الخدمت فاؤنڈیشن اور جماعت اسلامی کے مقامی ذمہ دار بھی موجود تھے۔

اس موقع پر300 خاندانوں میں راشن کے ساتھ ساتھ پینے کے صاف پانی کی بوتلیں اور موسم کی مناسبت سے مچھر دانیاں بھی تقسیم کی گئیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے الخدمت فاؤنڈیشن کے ضلعی صدر منظر مسعود خٹک نے کہا کہ سیلاب متاثر ین کی امداد کے سلسلہ میں الخدمت فاؤنڈیشن نے اب تک صرف ڈیرہ اسماعیل خان میں مخیر حضرات اور اداروں کے تعاون سے 22کروڑ روپے سے زائد کا راشن، ٹینٹ کے علاوہ دیگر اشیائے ضروریہ متاثرین سیلاب میں تقسیم کر چکی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اب تک 15ہزار500خاندانوں میں فوڈ پیکیجز، 9ہزار500مچھر دانیاں، 7ہزارہائی جین کٹس، 8ہزار500سے زائد کبل اور گرم بسترے،7ہزار 500جیری کین، 20ہزار سے زائد ٹینٹ کی تقسیم کے علاوہ 700خاندانوں میں میگا ایونٹ جس میں راشن، چارپائیاں، کمبل، گرم بستر سمیت گھریلوضروریات کا مکمل سامان شامل تھا تقسیم کیا جا چکا ہے۔ صرف اس میگاایونٹ پیکیج میں فی خاندان 35ہزارروپے کے لگ بھگ مالیت کا سامان دیاگیا۔ انہوں نے کہا کہ مخیر حضرات اور اداروں کے تعاون سے خدمت کا یہ سلسلہ آخری متاثرہ شخص کی بحالی تک جاری رہے گا۔