اسلام آباد(صباح نیوز)صدر ڈاکٹر عارف علوی نے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ ملازمین ترمیم بل اوربین الحکومتی تجارتی لین دین بل کی منظوری دے دی جبکہ حکومت گلگت بلتستان کنسالی ڈیٹڈ فنڈ میں 265.83 ملین روپے ٹرانسفر کرنے کی منظوری بھی دی ہے۔
ایوان صدر کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق صدر مملکت نے گلگت بلتستان کونسل کنسالی ڈیٹڈ فنڈ سے حکومت گلگت بلتستان کنسالی ڈیٹڈ فنڈ میں 265.83 ملین روپے ٹرانسفر کرنے کی منظوری دے دی۔ رقم سیلاب زدگان کی بحالی کیلئے استعمال کی جا سکے گی۔ اس سے قبل ، صدر مملکت 3 ارب روپے حکومت گلگت بلتستان کو ٹرانسفر کرنے کی منظوری دے چکے ہیں۔
ٹرانسفر کی منظوری حکومت گلگت بلتستان آرڈر 2018 کے آرٹیکل 121 کے تحت دی گئی۔ اعلامیہ کے مطابق صدر مملکت نے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ ملازمین(ترمیمی) بل 2022 کی بھی منظوری دی ہے۔صدر مملکت نے بین الحکومتی تجارتی لین دین بل ، 2022 بھی منظور کیا۔ دونوں بلوں کی منظوری آئین کے آرٹیکل 75 کے تحت دی گئی۔