کچھ لوگ اعتراف کرینگے کہ نوازشریف کو ہٹاکر اچھا کام نہیں کیا،جاوید لطیف


لاہور(صباح نیوز) وفاقی وزیر جاوید لطیف نے کہا ہے کہ کچھ لوگ اعتراف کرینگے کہ نوازشریف کو ہٹاکر اچھا کام نہیں کیا،ریاست بلیک میل ہو کر مذاکرات نہیں کریگی، کیا اب عمران خان کو بار بار گنجائش دی جاتی رہے گی؟ہمیں معلوم ہے جو عمران خان نے اسلام آباد کے ارد گرد پلاننگ کی ہوئی ہے، ہم اس دن سرپرائز دیں گے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جاوید لطیف نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان میں ایک ایسا فسادی کھڑا ہوگیا جس نے کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیا، پاکستان کی معیشت کو تباہ کردیا گیا، عمران نیازی ریاست سے کھیل کھیل رہا ہے اور اداروں کیخلاف زہرگھول رہا ہے، کیا عمران نیازی کو کھلا کھیل کھیلنے کی اجازت دی جاتی رہے گی؟انہوں نے کہا کہ بچے بچیوں کو خونی مارچ میں لایا جارہا ہے، ریاست آئین کی پاسداری کرنے والوں سے بات چیت کرتی ہے، ہمیں معلوم ہے جو عمران خان نے اسلام آباد کے ارد گرد پلاننگ کی ہوئی ہے، ہم اس دن سرپرائز دیں گے، ہمارے علم میں ہے کہ کہاں سے فنڈنگ ہو رہی ہے۔

جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ کسی بیک چینل سے عمران خان سے نہ کوئی رابطہ ہے اورنہ کریں گے، اس نے کوئی ایسا موقع نہیں جانے دیا جس سے ملک کو نقصان پہنچے، دوست ممالک بھاری سرمایہ کاری سے سنبھال رہے ہیں تو پھر فتنہ 2014 والی پوزیشن پر آگیا ہے، عمران خان نے ملک میں صدارتی نظام کی کوشش کی، اسے اگر پہلے لگام دی جاتی تو یہ نوبت نہ آتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ مذاکرات آئینی حدود میں قومی جماعتوں اور لیڈرشپ سے ہوتے ہیں، کسی مسلح جتھے یا گروہ کے بلیک میل کرنے سے ریاست بلیک میل نہیں ہوسکتی، ہم جتھوں کے لیے فیس سیونگ نہیں دیں گے، اگرآج اس جتھے سے بات کرلی گئی تو آئندہ کے لیے بھی راستہ کھل جائے گا، ریاست بلیک میل ہو کر مذاکرات نہیں کریگی، کیا اب عمران خان کو بار بار گنجائش دی جاتی رہے گی۔ جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو ہٹانے کا اعتراف کچھ لوگ کریں گے کہ انہوں نے ہٹاکر اچھا کام نہیں کیا۔