اوگرا کے نوٹیفکیشن کے بغیرایل پی جی کی قیمت میں 10روپے فی کلو اضافہ


لاہور(صباح نیوز) اوگرا کی جانب سے کسی نوٹیفکیشن کے بغیر ہی ایل پی جی کی قیمت میں 10روپے فی کلو کا اضافہ کیاگیا،جس کے نتیجے میں گھریلو سلنڈر 150اور کمرشل 450روپے مہنگا ہوگیا۔

ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر نے کہا ہے کہ ایل پی جی کی قیمت میں اضافہ بلا جواز ہے جبکہ آئندہ  12گھنٹوں میں مزید اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ایک سال 7ماہ بعد آج ایل پی جی کی قیمت اوگرا کی جاری کردہ قیمت سے بھی تجاوز کر گئی۔

عرفان کھوکھر نے کہا کہ ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں حالیہ اضافے کے بعد گھریلو سلنڈر 2750روپے اور کمرشل 10438روپے میں دستیاب ہوگا۔ گلگت میں ایل پی جی 300روپے فی کلو کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے، جس کے بعد گھریلو سلنڈر 3600اور کمرشل 13600روپے میں فروخت ہورہا ہے۔

ایسوسی ایشن کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ اگر ایل پی جی کی قیمت کنٹرول نہ ہوئی تو ملک بھر میں ہڑتال کریں گے۔جے جے وی ایل پاکستان کا سب سے بڑا ایل پی جی کا پلانٹ بند ہے، حکومت کو 60ارب روپے کا نقصان ہوا جبکہ ایل پی جی صارفین لٹ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مصدق ملک کے پاس معاملات کے لیے کوئی ٹائم نہیں۔ ایل پی جی کی قیمت کنٹرول نہ ہوئی تو وزات پٹرولیم کے سامنے دھرنا دیں گے۔