عمران خان کو اقتدار میں واپسی کیلئے کھیل کھیلنے نہیں دینگے،مریم اورنگزیب


اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کو اقتدار میں واپسی کے لئے کھیل کھیلنے نہیں دیں گے، عمران خان نے اعتراف کیا حکومت چلانے کیلئے اداروں ، ایجنسیوں کی مدد لی، الیکشن کمیشن فارن فنڈنگ کا فیصلہ دے،وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب سے متعلق مقدمے کی سماعت فل کورٹ کرے۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اداروں کو گالی اور دھمکی دینے والا اداروں کا ٹھیکے دار نہ بنے، عمران خان کو اقتدار میں واپسی کے لیے کھیل کھیلنے نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی آئین اور قانون کے ساتھ کھلواڑ نہیں کرنے دیں گے اور عمران خان نے اعتراف کیا حکومت چلانے کے لیے اداروں اور ایجنسیوں کی مدد لی۔ دھونس، دھمکی، گالی سے انصاف کا قتل نہیں کرنے دیں گے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ نوازشریف اور مسلم لیگ ن کا بیانیہ آئین کا بیانیہ ہے اور یہی رہے گا جبکہ فوج اور عدلیہ کو سیاست میں گھسیٹنا بند کیا جائے۔ عمران خان کا نشانہ ادارے ہیں اور ان کی قیادت کو عہدوں سے اتروانا ہے۔انہوں نے کہا کہ منہ پہ خون لگنے کی بات کر کے اب پائوں نہ پکڑیں۔ عمران خان کا بیرون ملک سازش کا بیانیہ دفن ہو چکا ہے اور اب اسٹیبلشمنٹ اور اینٹی اسٹیبلشمنٹ کا بیانیہ شروع ہو گیا ۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ الیکشن کمیشن فارن فنڈنگ کا فیصلہ دے۔ عمران دھونس، دھمکی کے ذریعے فارن فنڈنگ کیس میں این آر او چاہتے ہیں اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب سے متعلق مقدمے کی سماعت فل کورٹ کرے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب سے متعلق مقدمے کی سماعت فل کورٹ کرے، فل کورٹ سپریم کورٹ بار کی نظرِ ثانی درخواست، موجودہ درخواست اور دیگر متعلقہ درخواستوں کی ایک ساتھ سماعت کرے، اہم قومی، سیاسی اور آئینی معاملات پر انصاف ہونا ہی نہیں چاہیے، ہوتا ہوا نظر بھی آنا چاہیے، اب یہ جنگ متکبر آئین شکن عمران صاحب کی فسطائیت کے خلاف ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور اداروں کو عمران خان کی خواہشات کا غلام نہیں بننے دیں گے، جمہوری اور آئینی نظام کو دیوالیہ نہیں کرنے دیں گے، عمرانی سوچ اور رویہ پاکستان کے ریاستی نظام کے لیے دیمک بن چکا ہے، آئین، جمہوریت اور عوام کے حق حکمرانی پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔