حافظ آباد، دریائی کٹاؤ جاری، سینکڑوں ایکڑاراضی دریا برد


حافظ آباد(صباح نیوز) حافظ آباد میں دریائے چناب میں پانی کی سطح بلند ہونے کے ساتھ ساتھ دریائی کٹاؤ بھی بڑھتا جارہا جس سے اب تک سیکڑوں ایکڑ زرعی اراضی دریا برد ہوگئی ۔

تفصیلات کے مطابق حافظ آباد میں دریائے چناب کے بڑھتے ہوئے کٹاؤ سے محمود پور برج فتحو اور ملاح والہ کے دیہات متاثر ہورہے، متعدد مکین نقل مکانی پر مجبور ہوگئے۔

محمود پور کے مکینوں نے کہا کہ دریائی کٹاؤ سے نہ صرف ان کے مکانات کو نقصان پہنچ رہا ہے بلکہ فصلیں بھی دریا برد ہورہی ہیں۔

متاثرین نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا کہ دریائی کٹاؤ سے بچانے کے لئے فوری حفاظتی بند تعمیر کیا جائے  اورہونے والے نقصان کا ازالہ کیا جائے ۔