لگتا ہے چوہدری شجاعت پر کوئی بڑا دباؤ ہے،مونس الٰہی


لاہور(صباح نیوز) ق لیگی رہنما اور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی نے کہا ہے کہ چوہدری شجاعت حسین نے خط میں ق لیگ کو کسی بھی پارٹی کو ووٹ نہ دینے کا کہاتھا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ چوہدری شجاعت سے خط کے متعلق بات ہوئی تھی، انہوں نے ان سے پوچھا کہ آپ نے کوئی خط لکھا ، جس پر چودھری شجاعت نے کہا جی میں نے خط لکھا ہے۔مونس  الٰہی نے کہا کہ خط میں ق لیگ کو کسی بھی پارٹی کو ووٹ نہ دینے کا کہا گیا تھا،

انہوں نے کہا کہ چوہدری  شجاعت نے کہا کہ پرویز الٰہی کے وزیر اعلیٰ بننے کا خواہاں ہوں لیکن عمران خان کے ساتھ نہیں جس پر مونس الٰہی نے جواب دیا کہ اسکا مطلب کہ پرویزالٰہی الیکشن نہیں جیتیں گے۔رہنما ق لیگ مونس  الٰہی نے کہا کہ لگتا ہے چوہدری شجاعت پر کوئی بڑا دباؤ ہے جس وجہ سے انہوں نے معذرت کی تو میں نے بھی معذرت کرلی اور میں سلام کرکے نکل آیا۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری شجاعت اور چوہدری سالک سے ابھی کوئی رابطہ نہیں۔