پاکستان شام کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون مزید مضبوط کرنا چاہتا ہے، صدر مملکت


اسلام آباد(صباح نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان شام کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ،برادر ملک کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید مضبوط کرنا چاہتے ہیں، حکومت تاجروں کو مسابقتی اور منصفانہ کاروباری ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے ،

صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار شام کے وزیر تعلیم ڈاکٹر داریم تبع سے ملاقات کے دوران کیا،فریقین نے مختلف شعبوں بالخصوص تعلیم اور ثقافت میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا، ایوان صدر سے جاری اعلامیہ کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین بہترین تعلقات مشترکہ مذہب، اقدار اور ثقافت میں  استوار ہیں ، پاکستان انٹرنیشنل اسکول،دمشق میں شامیوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے والا ایک معروف ادارہ ہے، اسکول شامی طلبا کو بین الاقوامی معیار کے مطابق تعلیم فراہم کرتا رہے گا،

صدر مملکت نے صدر نے اقتصادی اور صحت کے چیلنجوں جیسا کہ کورونا سے نمٹنے کے لیے عالمی تعاون بڑھانے پر بھی زور دیا،ملاقات میں ثقافتی تبادلوں کے ساتھ ساتھ اعلی تعلیم کے شعبے میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا ، اعلامیہ کے مطابق پاکستان شامی طلبا کو پاکستان کے پیشہ ورانہ اور اعلی تعلیمی اداروں میں تعلیم کے لیے وظائف دے گا۔

ڈاکٹر داریم تبع نے شامی قیادت کی جانب سے صدر کو نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا ، ڈاکٹر داریم تبع نے کہا کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان ثقافتی تعاون فروغ دینے کی ضرورت ہے۔قبل ازیں صدر عارف علوی سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد کی میاں نعمان کبیر کی قیادت میں ملاقات کی ۔

صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ حکومت تاجروں کو مسابقتی اور منصفانہ کاروباری ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے ،محدود وسائل کے باوجود حکومت نے کورونا کے دوران کاروباری برادری اور معاشرے کے کمزور طبقات کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا، لاہور ایوانِ صنعت و تجارت تاجروں کو ٹیکس ادا کرنے کی ترغیب دینے میں اپنا کردار ادا کرے ،

وفد نے حکومت کی معاشی کارکردگی بالخصوص محصولات کی وصولی اور غیر ملکی ترسیلات زر میں اضافے پر اطمینان کا اظہار کیا،شرکا نے صدر مملکت کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا ، صدر نے شکایات کے ازالے کی یقین دہانی کرائی۔