موجودہ حکومت کو تسلیم نہیں کرتا ،عمران خان سب سے زیادہ ووٹ لینے والا لیڈر ہے،محمود خان اچکزئی

کوئٹہ (صباح نیوز)پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ پاکستان ہمارا ملک ہے۔ ہم اسے اپنی سرزمین سمجھتے ہیں۔ زور، دھمکی اور نفرت کی بنیاد پر ہم ایک بار ملک توڑ چکے ہیں۔ کسی کو اچھا لگے یا برا ، عمران خان پاکستان کا سب سے زیادہ ووٹ لینے والا لیڈر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں اپنے والد عبدالصمد اچکزئی خان شہید کی 51ویں برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جتنا جلدی ہو سکے عمران خان کو رہا کیا جائے یا عمران خان کو ان کا مینڈیٹ دیا جائے یا دوبارہ انتخابات کرائے جائیں۔ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ اگر کسی کا خیال ہے کہ طاقت سے اقتدار حاصل کیا جائے تو وہ غلط ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کی سالمیت کے ساتھ پاکستان کی سالمیت جڑی ہوئی ہے اور جس طرح حالیہ انتخابات ہوئے وہ کسی سے ڈھکی چھپی بات نہیں۔ عام انتخابات میں جیتنے والے کو ہرا کر ہارنے والے کو کامیاب کیا گیا۔ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اسلام آباد میں آئین کی پاسداری اور اپنے حقوق کے لیے جلوس نکالا، ہر ایک کو پر امن جلسہ جلوس کرنے کا حق حاصل ہے۔ پاکستان کے تمام اداروں سے کہتا ہوں، تم شہباز شریف یا کسی اور کے نہیں بلکہ پاکستان کے محافظ ہو۔ انہوں نے کہا کہ میں کسی صورت موجودہ حکومت کو تسلیم نہیں کروں گا کیوں کہ پاکستان کو چور نہیں چلا سکتے، اسے چلانے کے لیے منتخب پارلیمنٹ کی ضرورت ہے۔ اگر ریاست ہمیں تحفظ نہیں دے سکتی تو ہم اپنا دفاع خود کر سکتے ہیں۔