تینوں بڑی جماعتوں نے ملک و قوم کو تباہی کے سوا کچھ نہیں دیا،محمد جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ ڈالر کی قدر میں غیر معمولی اضافہ اور روپے کی بے قدری ملکی معیشت تباہی لے کر آئے گا۔ ایک روز میں ڈالر کی قیمت میں8روپے تک اضافے سے غیر ملکی قرضہ 6کھرب  تک بڑھ گیا ہے ۔ اناڑیوں ، کھلاڑیوں اور جیالوں نے ملک و قوم کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا ہے۔ ملکی میں غیر یقینی کی کیفیت ہے۔ عوام مسلسل مہنگائی کی چکی میں پستے چلے جارہے ہیں۔ عالمی ادارے پاکستان کی معاشی صورتحال پر تشویش کا اظہار کررہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ انٹرا بینک میں ڈالر 224روپے سے تجاوز کرچکا ہے۔ سونے کی قیمت میں 2800روپے فی تولہ اضافہ سے ایک لاکھ 45ہزار 2سو روپے کا ہوگیا ہے۔ سٹاک مارکیٹ انڈیکس میں 978پوائنٹس کی کمی سے سرمایہ داروں کے اربوں روپے ڈوب گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملکی حالات دن بدن بدتر ہوتے چلے جارہے ہیں۔ ملک میں جلد نئے انتخابات کروا کر نئے مینڈیٹ والی حکومت قائم کی جائے اور اس کی معاشی استحکام کے لیے اعتماد دیا جانا چاہیے۔ ٹکرائو کی سیاست نے ملک و قوم کو ایک مرتبہ پھر سے انتشار، افراتفری اور خلفشار کی طرف دھکیل دیا ہے۔

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ملکی قومی سلامتی اور معاشی پالیسیوں میں تسلسل از حد ضروری ہے۔ حکومتوں کے آنے اور جانے سے ان پر اثرنہیں پڑنا چاہیے۔ ملک وقو م کی ترقی کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ بد قسمتی سے حکمرانوں کی ناقص اور ناکام معاشی پالیسیوں کا خمیازہ قوم بھگتنے پر مجبور ہے۔