لاہور (صباح نیوز) وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ زندگیاں بدلنے کا سب سے آسان اور موثر ذریعہ معیاری تعلیم کا حصول ہے۔
انہوں نے کہا بچوں کی بہتر کفالت کسی قوم کی تہذیب کی گواہی دیتی ہے اور مجھے خوشی ہے کہ سارہ احمد کی سربراہی میں چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو بھرپور جذبے اور لگن کے سستھ یہ اہم فریضہ سر انجام دے رہا ہے۔
شفقت محمود نے کہا گو کہ مزید نو اضلاع میں نادار بچوں کے لیے ایسے ادارے قائم کیے جا رہے ہیں، لیکن ہمیں ابھی ایک لمبا سفر طے کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا دلچسپ بات یہ ہے کہ پاکستان میں لوگ ٹیکس کم دیتے ہیں لیکن فلاحی اداروں کی امداد کرنے والے پہلے دس ممالک میں پاکستان کا شمار ہوتا ہے۔
چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو جیسے اداروں کے قیام سے عوام کا ریاست پر اعتماد بحال کرنے میں مدد ملے گی۔ وزیرِ اعظم عمران خان کی قیادت میں بے سہارا لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے لنگر خانے، پناہ گاہیں اور احساس کفالت جیسے پروگرام ترتیب دیئے گئے ہیں۔
احساس پروگرام کے تحت پہلے 150 ارب اور اب 60 ارب روپے نچلے طبقے میں تقسیم کیے گئے۔ انصاف ہیلتھ کارڈز سے ہر شہری کو دس لاکھ روپے ماہانہ تک علاج معالجہ کو سہولتیں میسر ہوں گی۔