اسلام آباد(صباح نیوز)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم ملک بھر میں کامیابی کا جھنڈا گاڑیں گے۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں منتخب ہونے والے تمام جیالے امیدواروں کو مبارکباد پیش کی ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ کے 14 اضلاع میں جیالے امیدواروں کی واضح کامیابی عوام کا تیر پر اعتماد ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام نے جیالے امیدواروں کو ووٹ دے کر دراصل اپنی ترقی اور خوش حالی کے تسلسل پر مہر لگائی ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں ہونے والی غیرمعمولی کامیابی اگلے عام انتخابات میں پی پی پی کی کامیابی کا نوشتہ دیوار ہے۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ سندھ میں پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات میں کامیابی ابتدائی قدم ہے، پی پی پی ملک بھر میں کامیابی کے جھنڈے گاڑے گی۔