سندھ کے بیراجوں پر پانی کی سطح بڑھ گئی


سکھر(صباح نیوز)ملک کے بالائی علاقوں میں پری مون سون کی بارشوں کے بعد سندھ کے بیراجوں پرپانی کی سطح میں اضافہ ہو گیا، بیراجوں میں سطح آب بڑھنے سے کینالز میں پانی مرحلہ وار بڑھایا جارہا ہے۔

کراچی کو پانی فراہم کرنیوالی کینجھر جھیل میں بھی پانی کی سطح بڑھ کر 47 اعشاریہ40 فٹ تک پہنچ گئی۔انچارج کنٹرول روم سکھر بیراج عبدالعزیز سومرو کے مطابق 24 گھنٹوں میں گڈو بیراج پر 1 ہزار اور سکھر بیراج پر 2 ہزار کیوسک پانی میں اضافہ ہوا ہے۔

کیر تھر کینال میں 44 سو سے بڑھا کر 4 ہزار 850 ، رائس کینال میں 34 سو سے 4 ہزار 15 اور دادو کینال میں 28 سو بڑھا کر 3 ہزار 20 کیوسک پانی فراہم کیا جارہا ۔نارا کینال میں 10 ہزار 600 اور روہڑی کینال میں 10 ہزار 600 کیوسک پانی کی فراہمی جاری ہے۔

کینجھر جھیل میں پانی کی سطح میں اضافے کے بعد جھیل کی سطح 47 اعشاریہ40 فٹ پر پہنچ گئی ہے جبکہ یکم جون کو پانی کی سطح 46 اعشاریہ 90 فٹ تھی۔

آبپائشی ذرائع کے مطابق بالائی اور کوہستانی علاقوں میں بارشوں سے جھیل کی سطح میں مزید اضافہ متوقع ہے۔