حکومت خواتین کی تعلیم کے ساتھ ساتھ انہیں ہنرمند بنانے پر توجہ دے رہی ہے،ڈاکٹر عارف علوی


اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملک کو سماجی و اقتصادی ترقی کی  راہ  پر تیز رفتار  ی سے گامزن کرنے کے لئے تعلیم یافتہ خواتین کی تعداد میں اضافے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت خواتین کی تعلیم کے ساتھ ساتھ انہیں ہنرمند بنانے پر بھی توجہ دے رہی ہے تاکہ ان کی مالی شمولیت کو یقینی بنایا جا سکے۔

صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار ایوان صدر میں لینگ لینڈز سکول اینڈ کالج چترال کی پرنسپل کیری شوفیلڈ کی قیادت میں طالبات کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ ملک کو زیادہ سے زیادہ تعلیم یافتہ خواتین کی ضرورت ہے تاکہ وہ ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔

  انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کو کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے آسان شرائط و ضوابط پر کاروباری قرضے فراہم کر کے انہیں مالیاتی بااختیار بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ وہ اپنا کاروبار قائم کر سکیں۔

صدر مملکت نے تعلیم کے میدان میں لینگ لینڈز سکول اینڈ کالج کے کردار کو سراہا جس نے میڈیکل اور انجینئرنگ کے شعبوں میں متعدد ماہرین تعلیم اور پروفیشنلز پیدا کیے ہیں۔

انہوں نے کالج کی انتظامیہ بالخصوص اس کی پرنسپل مس کیری شوفیلڈ کی کاوشوں اور خدمات کو بھی سراہا جنہوں نے چترال کے لوگوں کو تعلیمی معیار بلند کرنے اور معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لیے تندہی سے کام کیا۔

صدر مملکت کو نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ)پر بریفنگ

اسلا م آ باد(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ)پر بریفنگ دی گئی ،

پرو ریکٹر نسٹ، ایئر وائس مارشل ڈاکٹر رضوان ریاض  نے صدر مملکت کو یونیورسٹی کے بارے میں بریفنگ دی بریفنگ میں بتایا گیاکہ نسٹ کے 8 کیمپسز  سے 18 ہزار سے زائد طلبا  زیر ِتعلیم  ہیں جبکہ نسٹ انجینئرنگ ، آئی ٹی ، بائیو اور سوشل سائنسز میں تعلیم مہیا کررہی ہے ،

صدر مملکت نے معیاری تعلیم کی فراہمی میں یونیورسٹی انتظامیہ کے کردار کو سراہا ،انہو ںنے کہاکہ دنیا کا مستقبل انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سائبر صلاحیتوں سے وابستہ ہے ، جامعات  ملک کا سائبر دفاع مضبوط بنانے کیلئے سائبر سیکورٹی کے شعبے پر خصوصی توجہ دیں،

صدر مملکت نے کہاکہ  ملک میں آئی ٹی طلبا کی تعداد بڑھانے کی ضرورت ہے ،ملکی ترقی اور مارکیٹ کی ضروریات پورا کرنے کیلئے یونیورسٹی گریجوایٹس کی تعداد بڑھانا ہوگی ،

انہو ں نے کہاکہ جامعات آن لائن تعلیمی مواد کے حجم میں اضافہ کریں ، جامعات تحقیقی منصوبوں میں بین الاقوامی جامعات کے ساتھ شراکت داری قائم کریں،