منی لانڈرنگ الزام،مونس الٰہی کیخلاف مقدمہ درج،2شریک ملزمان گرفتار


لاہور (صباح نیوز)ایف آئی اے لاہور نے منی لانڈرنگ کے الزام میں ق لیگی رہنما اور سابق وفاقی وزیر برائے آبی وسائل چوہدری مونس الٰہی کیخلاف مقدمہ درج کرلیاجبکہ ایف آئی اے نے مونس الٰہی کے دوشریک ملزمان مظہر اقبال بھٹی اور نواز بھٹی کو گرفتار کر لیا اور ان سے تفتیش جاری ہے جبکہ کیس میں تفتیشی افسران بھی مقرر کردیئے گئے ہیں جو مقدمہ کی تفتیش کریں گے۔

ایک نجی ٹی وی کے مطابق جلد مونس الہیٰ کو گرفتار بھی کیا جاسکتا اور انہیں تفتیش کے لئے بھی بلایا جاسکتا ہے اور اس حوالہ سے تمام قانونی تقاضے پورے کئے جائیں گے۔ گرفتار ہونے والے دو ملزمان میں سے نواز بھٹی نائب قاصد بتایا جاتا ہے جبکہ مظہر اقبال اس وقت طالب علم تھا۔

مقدمہ نمبر 23/2022ایف آئی اے لاہور سرکل میں اینٹی کرپشن سرکل کے تحت درج کیا گیا ہے۔ مونس الٰہی کے خلاف استغاثہ2020میں شروع ہوا تھا۔ مونس الٰہی کے خلاف 720ملین روپے کی منی لانڈرنگ کا الزام ہے۔ مونس الٰہی کے خلاف انکوائری بھی شوگر انکوائری کمیشن کی رپورٹ کے تناظر میں شروع کی گئی تھی۔ یہ استغاثہ الائنس شوگر ملز رحیم یارخان کے حوالے سے درج کیا گیا تھا۔

ایف آئی اے کے مطابق مظہر بھٹی اور نواز بھٹی کئی بینک اکائونٹس میں دستخط کنندہ ہیں اوراسی وجہ سے انہیں گرفتار کیا گیا۔ ایک ملزم واجد خان بھٹی کو تاحال گرفتار نہیں کیا جاسکا۔ نواز بھٹی اور واجد خان بھٹی ، سیکرٹری پنجاب اسمبلی احمد خان بھٹی کے بھتیجے بتائے جاتے ہیں۔ واجد بھٹی اوردیگر کی گرفتاری کے لئے ایف آئی اے کوشش کررہی ہے۔

مونس الٰہی کے خلاف مقدمہ منی لانڈرنگ کے الزام میں درج کیا گیا، ایف آئی اے حکام نے کہا کہ تحقیقات میں شواہد ملنے پر مقدمہ درج کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق مونس الٰہی کے خلاف ہنڈی کے ذریعے رقم دوسرے ممالک بھیجنے کا الزام ہے۔یاد رہے مونس الٰہی کے خلاف ایف آئی اے منی لانڈرنگ کیس میں تحقیقات کر رہا تھا۔