یاسین ملک کی رہائی کےلئے کل اسلام آباد  میں مظاہرہ ہوگا


اسلام آباد(صباح نیوز)نئی دہلی کے تہاڑ جیل میں قید جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیرمین محمد یاسین ملک کی رہائی کے مطالبے پر  کل اسلام آباد، لندن ، واشنگٹن ، برسلز سمیت دنیا کے اہم  دارلحکومتوں میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے ۔جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے زیر اہتمام ان مظاہروں میں کشمیری تارکین وطن اور سول سوسائٹی ارکان شرکت کریں گے ۔

ترجمان جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے مطابق  اس سلسلے  میں ایک بڑا مظاہرہ  دوپہر ایک بجے نیشنل پریس کلب اسلام آباد سے شروع ہوگا۔ آزاد کشمیر کی سیاسی قیادت اور حریت کانفرنس کی جملہ قیادت کے علاوہ سول سوساٹی ، طلبا نماندگان سمیت خصوصی طور کشمیری کمیونٹی  شرکت کرے گی ۔

یاد رہے  محمد یاسین ، جو 22 فروری 2019 سے اب تک تہاڑ جیل میں سخت ترین قید تنہائی میں ہیں۔ وہ بھارتی حکومت کے جعلی مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں۔

دریں اثنا جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کی رہائی کیلئے مقبوضہ کشمیر میں بھی  مہم شروع ہوگئی ہے ، مقبوضہ کشمیر میں یاسین ملک کی تصاویر والے پوسٹرز   لگائے گئے ہیں۔ ان میں کہاگیا ہے کہ بھارتی قابض حکام نے یاسین ملک کی آواز کو خاموش کرنے کے لیے تمام وحشیانہ ہتھکنڈے اور غیر انسانی حربے استعمال کیے لیکن وہ ان کے جذبہ حریت کوکمزور کرنے میں بری طرح ناکام ہوگئے ہیں۔ پوسٹرز میں کہاگیا ہے کہ یاسین ملک کشمیریوں کے حق خودارادیت کے علمبردار ہیں اور وہ ہر قیمت پر اپنے مشن کواسکے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

پوسٹرز میں مزید کہاگیا ہے کہ “یاسین ملک کی والدہ کی اپنے بیٹے سے طویل جدائی کی وجہ سے ہر گزرتے دن کے ساتھ صحت تیزی سے بگڑتی جا رہی ہیں کیونکہ قابض حکام نے انہیں دو سال سے زائد عرصے س انہیں اپنے بیٹے سے ملاقات کی اجازت نہیں دی ہے ۔

پوسٹروں میں لکھا ہے، یاسین ملک بی جے پی کی انتقامی کارروائی کا نشانہ بن رہے ہیں اور انکے خلاف مقدمہ سیاسی انتقامی پر مبنی ہے ۔پوسٹرز میں بھارت کو پیغام دیا گیاہے کہ کشمیری اپنے حق خودارادیت کے جائز مطالبے پر کبھی کوئی سمجھوتی نہیں کریں گے۔