لاہور/پشاور(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پاکستا ن سراج الحق نے کہا ہے کہ پشاور میں دھماکہ انتہائی قابل مذمت ہے۔ حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ میں بری طرح ناکام ہے۔ حکمران ہر شعبے میں ناکامی کی عبرتناک داستان بن چکے ہیں۔
ان خیالات کااظہار سراج الحق نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کیا۔ امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ شہدا کی مغفرت، لواحقین کے لیے صبرجمیل اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلیے دعاگو ہیں۔جبکہ نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پشاور قصہ خوانی بازار میں مسجد میں بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی جاں بحق افراد کی مغفرت فرمائے،درجات بلند کرے،زخمیوں کو جلد صحت کاملہ وعاجلہ عطا فرمائے (آمین)۔ملک میں دہشت گردی کے بڑھتے واقعات تشویشناک ہیں۔حکومت عبادت گاہوں کی سیکورٹی کو یقینی بنائے جبکہ جماعت اسلامی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جماعت اسلامی کے کارکنان اور الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے رضاکاروں نے پشاور دھماکے کے بعد امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال پہنچایا گیا اور طبی امداد فراہم کی گئی۔ جبکہ میتوں کیلیے تابوت اور ایمبولینس کا اہتمام کیا گیا۔