لاہور (صباح نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سگیاں روڈو شرقپور روڈ کی تعمیر و بحالی کے منصوبے کا سنگ بنیادرکھ دیا۔ اس منصوبے پر 4 ارب 32 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سگیاں روڈو شرقپور روڈ کی تعمیر و بحالی کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بعض لوگ ترقی کے سفر میں خلل ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔مخالفین صرف تخریب کاری کی سیاست کر رہے ہیں۔ہمارے مخالفین کو صوبے کی ترقی اور عوام کی خوشحالی اچھی نہیں لگتی۔ ملک کی تاریخ کے سب سے بڑے ڈویلپمنٹ پروگرام کو روکنے کیلئے منفی سیاست کی جا رہی ہے۔ہم منفی سیاست کرتے ہیں نہ یقین رکھتے ہیں۔ہم نے ہمیشہ صاف ستھری سیاست کی ہے اور عوام کی خدمت کرتے رہیں گے اور وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پنجاب آگے بڑھتا جائے گا۔عوام کی خدمت کی ذمہ داری ہر صورت نبھائیں گے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے شاہدرہ میں فلائی اوور کی تعمیر کا اعلان کیا اور کہا کہ شاہدرہ فلائی اوور پراجیکٹ کو اسی برس شروع کریں گے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج شرق پور شریف کو اپ گریڈ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج کو اپ گریڈ کرکے پوسٹ گریجوایٹ کالج کا درجہ دیں گے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج بوائز شرق پور شریف کو میاں شیر ربانی کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے ایلیویٹڈ ایکسپریس وے منصوبہ بھی شروع کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ 60 ارب روپے کی لاگت سے گلبرگ سے موٹر وے تک ایکسپریس وے بنے گی۔ایکسپریس وے بننے سے عوام کو آمد و رفت میں بے پناہ سہولت ملے گی۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ سابق حکومت نے ورثے میں لاوارث منصوبے اور 56 ارب روپے کے ڈس آنر چیک چھوڑے۔سابق حکومت سے زیادہ ڈویلپمنٹ کام اب ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تاریخ کا سب سے بڑا ترقیاتی بجٹ ہماری حکومت نے دیا ہے۔ ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج کے تحت 36 اضلاع میں اربوں روپے کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ لاہور پاکستان کا دل ہے اور ترقیاتی منصوبے اس شہر کا حق ہے۔ ہماری حکومت نے لاہور کے شہریوں کی سہولت کیلئے اربوں روپے کے منصوبے دیئے ہیں۔ سابق حکومت نے لاہور پر کم اور چندعلاقوں پر زیادہ خرچ کیا۔آج ہر شہر اور علاقے کے ساتھ انصاف کیا جا رہا ہے۔ہمارے دور میں کسی شہر یا علاقے سے ناانصافی نہ ہوئی ہے اور نہ ہوگی۔عوام کو اچھی طرز حکمرانی فراہم کرنا اور سہولتیں فراہم کرنا میرا مشن ہے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ہر ضلع میں ترقی اور خوشحالی کا سفر شروع ہو چکا ہے اور میں خود ہر ضلع میں جا کر ترقیاتی منصوبو ںپر کام کی رفتار کا جائزہ لیتا ہوں۔ عوام کے مسائل حل کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ پورے پنجاب میں جہاں جائیں گے ترقی کی آواز آئے گی۔ پی ٹی آئی انصاف کیلئے برسراقتدار آئی اور گڈگورننس ہمارا نصب العین ہے۔یونیورسل ہیلتھ کیئر پروگرام کے تحت پنجاب کے 7 ڈویژن میں قومی صحت کارڈ فنکشنل ہو چکا ہے اور قومی صحت کارڈ کے ذریعے ہر شہری 10 لاکھ روپے تک مفت علاج کی سہولت حاصل کر سکے گا۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ راوی ریور اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ اور سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ گیم چینجر منصوبے ہیں، نیا شہر آباد ہوگا۔ لاہور کو بین الاقوامی معیار کا شہر بنائیں گے۔سگیاں روڈ و شرق پور روڈ پراجیکٹ شروع ہو چکا ہے اور اس منصوبے پر 4 ارب 32 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ گلبرگ تا والٹن روڈ اور کیولری گرائونڈ سگنل فری کوریڈور پر بھی کام کر رہے ہیں۔لعل شہباز قلندر اور گلاب دیوی انڈر پاس کے منصوبے مکمل ہو چکے ہیں۔ جناح اور سروسز ہسپتال میں 300 بیڈ کے ایمرجنسی اور ٹراما سینٹر بنیں گے اور ان منصوبوں پر 12 ارب روپے سے زائد خرچ ہوں گے۔لاہور میں ساڑھے 9 ارب روپے کی لاگت سے واٹر میٹر لگائے جائیں گے۔
یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز، گنگا رام مدر اینڈ چائلڈ بلاک، ایک ہزار بیڈ کا جنرل ہسپتال بنائیں گے۔داتا گنج بخش فلائی اووراور شاہکام چوک فلائی اوور کے منصوبو ںپر تیزی سے کام جاری ہے۔ بیدیاں روڈ اور کریم بلاک علامہ اقبال ٹائون پر انڈر پاس بنائیں گے۔ بارش کے پانی کے بہتر استعمال کیلئے انڈر گرائونڈ واٹر ٹینک بنائے جا رہے ہیں۔ لاہو رکی خوبصورتی اجاگر کرنے کیلئے دلکش لاہور پراجیکٹ شروع کیا ہے۔ وکلاء ٹاور، ایم پی اے ہاسٹل فیز ٹو، ویمن ڈویلپمنٹ آفس کمپلیکس اور پریزن کمپلیکس پر بھی کام جاری ہے۔سول سیکرٹریٹ میں ملٹی سٹوری پارکنگ پلازہ بنایا جائے گا۔ مزار بی بی پاکدامن کی تعمیر و توسیع بھی ہو رہی ہے۔
ریونیو اکیڈمی اور ٹھوکر نیاز بیگ پر انٹرنیشنل بس ٹرمینل بھی بنائیں گے۔ وزیراعظم کے ویژن کے مطابق لاہور میں پناہ گاہ اور لنگر خانے بھی قائم کئے گئے ہیں۔ شیخوپورہ میں وارث شاہ یونیورسٹی، پنجاب جوڈیشل اکیڈمی اور کیڈٹ کالج نارنگ منڈی بنائیں گے۔ شیخوپورہ رنگ روڈ کی تعمیر بھی شروع ہو چکی ہے۔ بہت سے منصوبے ایکنک میں ہیں، منظور ہو گئے تو ترقیاتی بجٹ ایک ہزار ارب روپے سے بھی بڑھ جائے گا جو پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا ترقیاتی بجٹ ہوگا۔ 55 فیصد ترقیاتی فنڈز استعمال کئے جا چکے ہیں۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ 60 ارب روپے کے پراجیکٹ پر معاہدہ ہوا ہے اور یہ منصوبہ 14 برس سے رکا ہوا تھا۔اس منصوبے سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے لاہور کی ترقی کیلئے بے مثال منصوبے شروع کئے ہیں جبکہ ماضی میں ذاتی نمودو نمائش والے منصوبوں پر توجہ دی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار عام آدمی کا احساس کرتے ہیں اور تحریک انصاف کے ہیلتھ کارڈ کی سب سے زیادہ تکلیف ن لیگ کو ہے۔ نواز شریف بیمار ہوئے تو علاج کے بہانے باہر چلے گئے کیونکہ انہوں نے یہاں ہسپتالوں کو ٹھیک ہی نہیں کیا۔ ایک بھائی کہتا تھا کہ میں پیٹ پھاڑ کر دولت لائوں گا۔ لاہور کی سڑکوں پر گھسیٹوں گا اور آج انہی سے ملاقاتیں ہو رہی ہیں۔ رکن پنجاب اسمبلی میاں جلیل احمد شرقپوری نے کہا کہ اس علاقے کے لوگ 15 برس سے اس منصوبے کے منتظر تھے لیکن سابق حکومت نے ایک نہیں سنی۔ ہم وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے شکرگزار ہیں کہ جنہو ں نے علاقے کے مسائل کے حل کیلئے یہ منصوبے دیئے۔
ابرارالحق نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار بولتے کم اور کام زیادہ کرتے ہیں۔ مخالفین کے پاس ہمارے کاموں کاکوئی جواب نہیں۔ وائس چیئرمین ایل ڈی اے نعیم الحق نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں لاہور میں اربوں روپے کے منصوبوں پر کام ہو رہا ہے اور ہم ایل ڈی اے کو ریفارم کر رہے ہیں۔ ایل ڈی اے میں آٹومیشن کے ذریعے شہریوں کیلئے آسانیاں پیدا کریں گے۔ ڈی جی ایل ڈی اے احمد عزیز تارڑ نے سگیاں روڈ و شرق پور روڈ کے منصوبے کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس منصوبے کو رواں برس مکمل کیا جائے گا اور منصوبے کی تکمیل سے علاقے کے لوگوں کے ساتھ لاہور کے شہریو ںکو آمد و رفت کی بہترین سہولتیں ملیں گی۔ صوبائی وزراء میاں محمود الرشید، میاں اسلم اقبال، مراد راس، میاں خالد محمود، ایم پی اے میاں جلیل احمد شرقپوری، ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور، وائس چیئرمین ایل ڈی اے نعیم الحق، انسپکٹر جنرل پولیس، ڈی جی ایل ڈی اے اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے