لاہور (صباح نیوز)ڈپلیکس سمائل اگین فاؤنڈیشن کے وفد نے الخدمت کمپلیکس لاہورکا دورہ کیا۔ سیکرٹری جنرل الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان شاہد اقبال نے معزز مہمانان کوالخدمت فاؤنڈیشن کے مرکزی دفتر میں خوش آمدید کہا اور الخدمت کی جاری خدمات بارے بریفنگ دی۔
ڈپلیکس سمائل اگین فاؤنڈیشن کی بانی مسرت مصباح کی زیرِ قیادت وفد نے صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان محمد عبدالشکورسے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ اس موقع پر محمد عبد الشکور نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن بلاتفریق رنگ و نسل اور مذہب دکھی انسانیت کی خدمت میں پیش پیش ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن ڈیزاسٹر مینجمنٹ، صاف پانی، صحت عامہ، کفالت یتامٰی، تعلیم، بلاسود قرض کی فراہمی اور کمیونٹی سروسز جیسے پروگرامات کے ذریعے ملک گیر خدمات سرانجام دے رہی ہے۔
مسرت مصباح نے اس بات کا عزم کیا کہ ڈپلیکس سمائل اگین اور الخدمت فاؤنڈیشن مل کر لوگوں میں آسانیاں پیدا کرنے کی کوشش کریں گے۔ ملاقات کے آخر میں صدر الخدمت فاؤنڈیشن نے معزز مہمان کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان خبیب بلال اور دیگر ذمہ داران بھی موقع پر موجود تھے۔