الخدمت فاؤنڈیشن دکھی انسانیت کی خدمت کا بہت بڑا نظام چلا رہا ہے، احمد حماد رشید


لاہور(صباح نیوز ) الخدمت فاؤنڈیشن لاہور کے صدر احمد حماد رشید نے کہا ہے کہ انسانیت کی خدمت کرنے والے اللہ تعالیٰ کے پسندیدہ لوگ ہیں۔ الخدمت فائونڈیشن دکھی انسانیت کی خدمت کا بہت بڑا نظام چلا رہا ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت ہسپتال ، ڈسپنریاں ، سکول ، خواتین کے دستکاری سکول ، بیٹھک سکول چلائے جارہیں، یتیم بچوں اور بیوائوں کی کفالت کے لئے فوڈ بینک قائم ہے ،مستحقین میں راشن تقسیم کیا جاتا ہے ، مجبور والدین کی بچیوں کی شادی کے لئے جہیز گفٹ دیا جاتا ہے ، بے آسرا اور مستحق لوگوں کو سردی سے بچانے کے لئے ونٹر پیکج کا اہتمام کیاجاتا ہے ، ناگہانی آفات میں بھی الخدمت فاؤنڈیشن کی خدمات نا قابل فراموش ہیں۔ الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکاروں میں انسانیت کی خدمت کا جذبہ کوٹ کوٹ کر بھرا ہے،وہ ہر قسم کے حالات میں اپنے مجبور اور دکھی بھائیوںکی خدمت میں پیش پیش رہتے ہیں۔ یہ سب کام مخیر حضرات کے تعاون سے ہی ممکن ہیں۔ جو ہم پر بھرپور اعتماد اور ہم سے مثالی تعاون کرتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے الخدمت فائونڈیشن لاہور کے دفتر میں کار فور پاکستان کے ساتھ ایم او یو سائن کرنے کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن لاہور کے ایگزیکٹو ڈائیریکٹر مغیث قریشی ، عمر حبیب خان لودھی کنٹری مینیجر ، ہیڈ آف مارکیٹنگ محمد شہریار رانا، مارکیٹنگ مینیجر محمد بلال مختار، کنٹری ڈیکور مینیجر طلال حمید اور الخدمت فاؤنڈیشن کے ذمہ داران نے شرکت کی۔