اسلام آباد (صباح نیوز) روزنامہ اوصاف اوراے بی این کے چیف رپورٹر اور سینیئر صحافی جاوید شہزاد حرکت قلب بند ہو جانے سے وفات پاگئے ہیں۔ جاوید شہزاد کا شمار صحافتی حلقوں میں ایک اہم اور باوقار شخصیت کے طور پر کیا جاتا تھا، اور ان کی وفات سے صحافتی برادری میں گہرا دکھ اور غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔جاوید شہزاد اے پی پی کے سینئر رپورٹر خرم شہزاد کے بڑے بھائی تھے ۔۔
مرحوم جاوید شہزاد نے اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں متعدد اہم خبریں اور رپورٹیں شائع کیں اور ہمیشہ اپنے کام میں ایمانداری اور محنت کی مثال قائم کی۔نماز جنازہ کے وقت اور مقام کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ صحافتی برادری سمیت تمام اہل خانہ اور دوستوں نے مرحوم کے لئے دعائے مغفرت کی اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار تعزیت کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطااللہ تارڑ نے سینئر صحافی جاوید شہزاد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اتوار کو اپنے تعزیتی بیان میں مرحوم کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جاوید شہزاد کے انتقال کی خبر سن کر دلی افسوس ہوا، مرحوم کی شعبہ صحافت کے لئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سوگوار خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین