اسلام آباد ہائی کورٹ کا ایف بی آر کے خلاف پی ٹی اے کی درخواست پر فیصلہ جاری

اسلام آباد(صباح نیوز)اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایف بی آر کے خلاف پی ٹی اے کی ایڈوانس ٹیکس کٹوتی سے متعلق درخواست منظور کرتے ہوئے تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا ۔ عدالت نے ایف بی آر کو ہدایت کی ہے کہ اضافی ٹیکس واپسی کی درخواست پر دو ماہ کے اندر فیصلہ کرے۔تفصیلی فیصلہ جسٹس بابر ستار نے تحریر کیا۔ فیصلے کے مطابق ایف بی آر نے پی ٹی اے کو نوٹس جاری کیے بغیر بینک سے ایک ارب 37  کروڑ روپے ایڈوانس ٹیکس کی مد میں کاٹ لیے جو انکم ٹیکس آرڈیننس کی خلاف ورزی ہے۔عدالت نے مزید کہا کہ انکم ٹیکس قوانین کے مطابق نوٹس جاری کرنا ضروری تھا۔

عدالت نے ڈپٹی کمشنر ان لینڈ ریونیو کو حکم دیا کہ وہ درخواست گزار کو ایک لاکھ روپے جرمانہ ادا کرے۔درخواست گزار کے مطابق ایف بی آر نے ایڈوانس ٹیکس کا دوبارہ تعین کرتے ہوئے بینک اکانٹ سے رقم کاٹی جبکہ کمشنر ان لینڈ ریونیو نے درخواست پر دو ماہ کے اندر فیصلہ نہیں کیا۔پی ٹی اے نے 2018 میں ایڈوانس ٹیکس کٹوتی کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں ایف بی آر کو مستقبل میں قوانین کی مکمل پاسداری کی ہدایت کی ہے