لاہور(صباح نیوز)چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ سوسائٹی ایکٹ میں ترمیم اور مدرسہ رجسٹریشن آرڈیننس کا اجراخوش آئند ہے۔اب DGREمیں رجسٹر ڈ مدارس کو قانونی حیثیت مل گئی۔مدرسہ رجسٹریشن آرڈیننس کو قومی اسمبلی سے جلد از جلد منظور کیا جائے۔۔
چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی نے ان خیالات کا اظہار جامعہ نعیمیہ میں جماعت علمائے اہلسنت لاہور کے علما سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔آپ نے مزید کہا کہ مدرسہ کی رجسٹریشن پر ہونے والے اختلافات کو ختم اسی طر ح کیا جا سکتا تھا کہ نئے اور پرانے بورڈ کے مدارس جس بھی ادارے میں رجسٹریشن کروانا چاہیں انہیں آزادی ہو۔نئے آرڈیننس کے اجرا سے اس مطالبہ کو پورا کر دیا گیا ہے۔حکومت نے اس ضمن میں انتہائی احتیاط سے کام لیتے ہوئے مدارس کے رجسٹریشن معاملات کو حل کر دیا ۔
اس طرح ڈائریکٹر جنرل آف ریلیجیس ایجوکیشن (DGRE) سے رجسٹرڈ شدہ 18600 سے زائد مدارس کو دوبارہ رجسٹریشن کی ضرورت نہ ہے۔جبکہ دیگر مدارس کو جوکہ کسی بھی جگہ رجسٹرڈ نہ ہیں کو اب فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ وزارت صنعت میں سوسائٹی ایکٹ کے ذیل رجسٹرڈ ہونا چاہیں گے یا وزارت تعلیم میں ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ریلیجیس ایجوکیشن میں۔نئے مدرسہ آرڈیننس کو جلد از جلد قومی اسمبلی سے منظور کروا کے باقاعدہ قانونی حیثیت دی جائے ۔یہ معاملہ اب مستقل حل ہو گیا ہے اس لیے مزید سیاست نہ کی جائے۔