او آئی سی کے مستقل نمائندوں کے کور گروپ کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش سے ملاقات


 نیویارک(صباح نیوز)اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے اسلامو فوبیا پر او آئی سی کے مستقل نمائندوں کے کور گروپ کی قیادت کرتے ہو ئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش سے ملاقات کی ،جس میں اسلامو فوبیا کے خلاف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی قرارداد پر عملدرآمد د کا جائزہ لیا۔ قرارداد میں دنیا کے مختلف حصوں میں بڑھتے ہوئے مسلم مخالف جذبات کو روکنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔پریس ریلیز کے مطابق یہ ملاقات نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں ہوئی جو قرارداد 78/264 پر عمل درآمد کے سلسلے میں ایک فالو اپ تھی ۔

یہ قرار داد 15 مارچ کو منظور کی گئی جس کی شرائط کے تحت 193 رکنی جنرل اسمبلی نے رکن ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ مذہبی عدم برداشت، منفی دقیانوسی تصورات،مسلمانوں کے خلاف نفرت اور تشدد کے خاتمے کے لئے قانون سازی اور پالیسی اقدامات سمیت تمام ضروری اقدامات کریں

۔اس موقع پر سیکرٹری جنرل سے درخواست کی گئی کہ وہ اس رجحان سے نمٹنے کے لیے اقوام متحدہ کا خصوصی ایلچی مقرر کریں۔ پریس ریلیز میں کہا گیا کہ ملاقات کے دوران او آئی سی کے سفیروں نے قرارداد پر بروقت عمل درآمد خاص طور پر اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے لیے خصوصی ایلچی کی تقرری کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے عالمی سطح پر اسلامو فوبیا کی روک تھام کے لیے ایک جامع ایکشن پلان کے لیے تجاویز بھی پیش کیں۔