سول نافرمانی کی تحریک کا فیصلہ نہیں ہوا، ابھی مذاکرات ہونے ہیں، علی امین گنڈاپور

ڈیرہ اسماعیل خان (صباح نیوز)وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ابھی سول نافرمانی کی تحریک کا فیصلہ نہیں ہوا، ابھی مذاکرات ہونے ہیں،محمود غزنوی کی طرح حملہ کرتے رہیں گے۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا ڈی چوک میں ہمارے کارکنوں پر سیدھی فائرنگ کی گئی، حکومت نے دفعہ 245 لگا کر ہمارے لوگوں کا قتل کرایا، 12 ورکرز شہید ہوئے اور 107 ورکرز کا ابھی تک پتہ نہیں ہے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ میڈیا نے ہمارے شہدا کے جنازے نہیں دکھائے، لاپتہ ورکرز سے متعلق تحفظات ہیں، ہزاروں کارکن گرفتار اور زخمی ہیں، کارکنوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ان کا کہنا تھا پانی پت جنگ کی طرح حملے کریں گے، 5 حملے ہم نے کر لیے ہیں، جس طرح محمود غزنوی نے 17 حملے کیے ہم بھی اسی طرح حملے جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی میں پشتونوں کا کردار تھا، پشتون کشمیر آزاد کراتے ہیں تو ٹھیک اور اپنی آزادی کے لیے لڑیں تو غلط؟ فرنٹ لائن پر لڑتے ہیں اور لڑیں گے، ہم شیر ہیں اور شیر رہیں گے۔وزیراعلی خیبرپختونخوا کا کہنا تھا پیپلزپارٹی اور ن لیگ نے مل کر گیم کی ہے، یہ ملک کے اندر نفرتیں پھیلا کر خانہ جنگی کرانا چاہتے ہیں، حکومت نے ہمارا مینڈیٹ چوری کیا ہوا ہے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ سول نافرمانی کا فیصلہ نہیں ہوا، ابھی مذاکرات ہونے ہیں، ہم ملک کی خاطر مذاکرات کر رہے ہیں، اگر حکومت مذاکرات نہیں کرتی تو ہم تو چل ہی رہے ہیں۔گورنر خیبرپختونخوا کی جانب سے بلائی گئی آل پارٹیز کانرنس (اے پی سی) پر انہوں نے کہا کہ ایسے شخص نے اے پی سی بلائی جس کا کوئی کردار نہیں، گورنر ویلا منڈا ہے ان کی اے پی سی پر لعنت بھیجتا ہوں۔مدارس کی رجسٹریشن کے حوالے سے علی امین گنڈا پور نے کہا کہ مدارس میں دینی تعلیم کے ساتھ دنیاوی تعلیم دینا چاہتے ہیں، اچھی بات ہے مدارس کی رجسٹریشن ہونی چاہیے