اسلام آباد(صباح نیوز) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ خصوصی افراد کا عالمی دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ معذور افراد کو مساوی مواقع اور حقوق فراہم کرنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔ سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کااظہار انہوں نے خصوصی افراد کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔
چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ خصوصی افراد کو مساوی مواقع اور حقوق فراہم کرنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے،ملک میں خصوصی افراد کی بہبود کے لیے جامع پالیسیاں بنائی گئی ہیں اور ان پر عمل بھی کیا جا رہا ہے تاکہ یہ افراد بھی ایک باعزت اور خودمختار زندگی بسر سکیں
۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ خصوصی افراد کی حوصلہ افزائی، ان کی قابلیت کو تسلیم کرنا، ان کے لیے وسائل و مواقع فراہم کرنا ایک مضبوط اور ترقی یافتہ قوم کی نشانی ہے۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی ہمیں اس ذمہ داری کو بہتر طریقے سے ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔