کوئٹہ صباح نیوز)بلوچستان کے علاقہ قلات میں سکیورٹی فورسز پر دہشت گردوں کے حملے میں 7 اہل کار شہید اور 15زخمی ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے علاقے قلات میں سکیورٹی فورسز کے کیمپ پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا، جس کے فوری بعد فورسز کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
میڈیا ذرائع کے مطابق ضلع قلات کے شاہ مردان چیک پوسٹ پر نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں 7 سکیورٹی اہل کار شہید اور 15 زخمی ہوئے ہیں۔ قلات لیویز کنٹرول کے ایک افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر وائس آف امریکہ کو بتایا کہ جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب قلات کے نواحی علاقے جوہان میں مسلح افراد نے فرنٹئیر کور(ایف 61)ونگ کے کیمپ پر حملہ کیا۔قلات واقعے میں شہید اہلکاروں کی شناخت نیک بخت زمین، غلام اسحاق، عبدالقدیر، رضوان، وقاص، علی عباس اور ثاقب رحمان کے ناموں سے ہوئی ہے۔
قلات پولیس کے مطابق ایف سی چیک پوسٹ پر حملے کے 15 زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کی فراہمی کے بعد ہیلی کاپٹر کے ذریعے کوئٹہ کے فوجی اسپتال سی ایم ایچ منتقل کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب کالعدم بلوچ علیحدگی پسند تنظیم بلوچ لبریشن آرمی(بی ایل اے)نے حملے کی ذمے داری قبول کی ہے۔ذرائع ابلاغ کو جاری ایک بیان میں بی ایل اے کے ترجمان جیئند بلوچ نے کہا ہے کہ ان کے ملسح افراد نے فوج کے کیمپ کو نشانہ بنایا ہے جس کی تفصیلات جلد میڈیا میں جاری کی جائیں گی۔