کراچی (صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے امیر ضلع وسطی سید وجیہ حسن اور ٹاؤن چیئرمین عاطف علی خان کے ہمراہ نارتھ ناظم آباد میں مزید 3 پارکوں کا افتتاح کردیا۔اس موقع پر منعم ظفر خان نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ محدود وسائل و اختیارات کی کمی کے باوجود عوام کی خدمت جاری رکھیں گے ،جماعت اسلامی نے گزشتہ ایک سال میں 9ٹاؤنز میں عوام کو 120سے زائد پارکوں کا تحفہ دیا ،کراچی کچرے کا ڈھیر بن چکا ہے،سندھ حکومت و کے ایم سی اپنے حصے کا کام کرنے اور اختیارات دینے کے لیے تیار نہیں ہے،جماعت اسلامی کے منتخب نمائندے اپنے اختیارات سے بڑھ کر کام کررہے ہیں۔منعم ظفر خان نے نارتھ ناظم آباد میں باغ منورہ بلاک ایل،باغ الفلاح بلاک ایچ،باغ حفصہ بلاک ڈی کا بھی افتتاح کیا ۔
اس موقع پر وائس ٹاؤن چیئرمین ضیاء جامعی، چیئرمین یوسی 6فیصل نسیم،چیئرمین یوسی 7عاطف بقائی ،سینئر ڈپٹی سکریٹری اطلاعات صہیب احمد ودیگر ذمہ داران سمیت علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔منعم ظفر خان نے مزیدکہاکہ کراچی وہ شہر ہے جو سب سے زیادہ ریونیو دیتا ہے ،کراچی کے ساتھ ہمیشہ سے سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جاتا ہے ،سندھ حکومت کراچی کے منتخب نمائندوں کو اختیارات دینے کے لیے تیار ہی نہیں ہے،کراچی کے تمام اداروں پر پیپلزپارٹی نے قبضہ کیا ہوا ہے،پیپلزپارٹی گزشتہ 35 سال سے قابض ہے اور قابض میئر بھی پہلے ایڈمنسٹریٹر رہ چکے ہیں،پیپلزپارٹی نے کراچی کو تباہی و بربادی کے سوا کچھ نہیں دیا،جماعت اسلامی اختیارات کے حصول کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی،ہمارا مطالبہ ہے کہ آئین کے آرٹیکل 140ـA کے تحت نچلی سطح پر منتقل کیے جائیں،ہم اختیارات کے حصول کے لیے تعاقب جاری رکھیں گے اور کراچی کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔عاطف علی خان نے افتتاح کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہمارا عزم ہے کہ نارتھ ناظم آباد ٹاؤن ایک مثالی اور ماڈل ٹاؤن بنائیں گے ، عوام کو صاف ستھرا ماحول فراہم کریں گے ، نوجوانوں کے لیے کھیلوں کے میدان آباد اور صحت مند سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کریں گے ۔اختیارا ت کی کمی و محدود وسائل کے باوجود عوام کے مسائل حل کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے اسی جذبے کے ساتھ ہم شب و روز کام کررہے ہیں ۔