اسلام آباد،  ملزمان کی فائرنگ سے سب انسپکٹرجاں بحق،ایک اہلکار زخمی


اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے بہارہ کہو میں ملزمان اور پولیس کے درمیان فائرنگ  کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں سب انسپکٹر لیاقت علی جاں بحق ،ایک  اہلکار زخمی ہو گئے جبکہ ایک ملزم بھی زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا ۔

ایس ایس پی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق ہفتے کی صبح تھانہ بھارہ کہو کی حدود میں پولیس مقابلہ ہوا۔گاڑی میں سوارملزمان نے شہری پر فائرنگ کی اور فرارہونے کی کوشش کی۔ اس دوران گشت پر موجود سب انسپکٹر لیاقت علی اور جوانوں نے ملزمان کا تعاقب کیا۔ ملزمان نے پولیس ٹیم پربھی فائرنگ کردی۔

دو طرفہ فائرنگ میں پولیس کا سب انسپکٹر لیاقت علی شہید اور ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔ فائرنگ سے ایک ملزم زخمی بھی ہوا جس کو پولیس نے گرفتارکرلیا۔ زخمی پولیس اہلکار اور زخمی ملزم کا پمزہسپتال منتقل کردیا گیا۔تھانہ بھارہ کہو کے علاقے میں فائرنگ کا آئی جی اسلام آباد نے نوٹس لے لیا ۔

ڈی آئی جی آپریشنز سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ۔ایس ایس پی آپریشنز، ایس ایس پی انویسٹی گیشن کی سربراہی میں پولیس ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں،پولیس کی ٹیموں نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا ۔