اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی 15 اکتوبر کے احتجاج کی کال پر کئی سوالات اٹھتے ہیں، غیرملکی وفود اور عالمی میڈیا کے سامنے تماشا لگانا قابل مذمت ہے۔پی ٹی آئی کی جانب سے 15 اکتوبر کو احتجاج کی کال پر ردعمل دیتے ہوئے پی پی رہنما شیری رحمان نے کہا کہ تحریک انصاف ایس سی او اجلاس والے دن احتجاج سے کیا حاصل کرنا چاہتی ہے، پی ٹی آئی جتھوں اور انتشار کی سیاست سے ملکی مفادات پر حملہ کررہی ہے۔
پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ کوئی بھی ذمہ دار سیاسی جماعت عالمی کانفرس والے دن احتجاج کی کال نہیں دیتی، تحریک انصاف دنیا کو نہایت منفی پیغام دے رہی ہے۔شیری رحمان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف چاہتی ہے کہ ملک میں کوئی بھی غیر ملکی وفد نہ آئے، ریڈ لائن کوئی شخص یا ذاتی سیاست نہیں ملک اور ملکی مفادات ہونے چاہئے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ پی ٹی آئی اپنی سیاست پر نظرثانی اور 15 اکتوبر کی احتجاج کی کال واپس لے۔