اسلام آباد(صباح نیوز) چیئرمین سینیٹ نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان قدرتی آفات کے خطرات کو کم کرنے کے لیے جامع حکمت عملی پر عمل درآمد کے لیے پرعزم ہے، قدرتی آفات میں کمی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ آج (13 اکتوبر ، 2024)، قدرتی آفات میں کمی کے عالمی دن کے موقع پر، ہم عالمی برادری کے ساتھ آفات کے خطرات کو کم کرنے اور قدرتی آفات سے نمٹنے کی اہمیت کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے میں ایک ساتھ ہیں۔ پاکستان ایک منفرد جغرافیہ اور ایک بھرپور ثقافتی ورثے کا حامل ملک ہے تاہم موسمیاتی تبدیلیوں کے تباہ کن اثرات سے بری طرح متاثر ہوا ہے۔ پاکستانی قوم نے قدرتی آفات کے المناک نتائج کا سامنا کیا ہے۔ سیلابوں نے لاکھوں افراد کو بے گھر اور ذریعہ معاش کو تباہ کیا جبکہ زلزلوں نے کمیونٹیز اور انفراسٹرکچر کو تباہ کر دیا ہے۔ ہر آفت نے نہ صرف انسانی تکالیف میں بے پناہ اضافہ کیا بلکہ ہماری معیشت اور وسائل کو بھی دبا میں ڈالا ہے۔
ان چیلنجوں کے لیے قومی اور بین الاقوامی سطح پر مربوط کوششوں کی ضرورت ہے۔ حکومت پاکستان قدرتی آفات کے خطرات کو کم کرنے کے لیے جامع حکمت عملی پر عمل درآمد کے لیے پرعزم ہے۔ ہم قبل از وقت انتباہی نظام کو مضبوط بنانے، کمیونٹی کی سطح پر آفات سے نمٹنے کی استعداد کو بڑھانے، اوبہتر انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں جو موسمیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والے چیلنجوں کا مقابلہ کر سکے۔ تاہم حکومت ، مقامی کمیونٹیز، سول سوسائٹی کی تنظیموں، اور نجی شعبے ملکر ہی یہ کام کر سکتے ہیں۔ اس دن کی مناسبت سے میں تمام پاکستانیوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ آفات کے خطرات کے بارے میں جاننے اور آفات میں کمی کی کوششوں میں فعال اقدامات کریں۔
آگاہی کے زریعے ہم زندگیاں اور اپنی برادریوں کو قدرتی آفات کے بدترین اثرات سے بچا سکتے ہیں۔ ہمیں یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ موسمیاتی تبدیلی نہ صرف ایک مقامی مسئلہ ہے بلکہ عالمی مسئلہ ہے۔ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جو گرین ہاس گیسوں کے عالمی اخراج میں سب سے کم حصہ ڈالتے ہیں،لیکن موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔ لہذا، بین الاقوامی برادری کے لیے ضروری ہے کہ وہ کاربن کے اخراج کو کم کرنے کے لیے فوری اقدام کرے اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے میں پاکستان جیسے ممالک کی مدد کرے۔ قدرتی آفات میں کمی کا عالمی دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہمیں اپنے مستقبل کی حفاظت کے لیے اجتماعی طور پر کام کرنا چاہیے۔ آگاہی، تیاری اور عالمی تعاون کے ذریعے، ہم قدرتی آفات کے خطرے کو کم کر سکتے ہیں اور آنے والی نسلوں کے لیے ایک محفوظ دنیا کو یقینی بنا سکتے ہیں۔