اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد راولپنڈی میں راستے سیل ، میٹرو بس سروس بند، موبائل فون سروس بھی معطل رہی ۔ راولپنڈی اور اسلام آباد کی تمام اہم شاہراہیں کنٹینرز لگا کر سیل کردی گئیں، جڑواں شہروں میں زمینی رابطہ بھی ختم ہو گیا،
فیض آباد پر کنٹینرز کی ڈبل لیئر جبکہ زیرو پوائنٹ پر 20 فٹ اونچی کنٹینرز وال کھڑی کر دی گئی ۔سرینگر ہائی وے کو کئی مقامات سے سیل کر دیا گیا جبکہ سرینگر ہائی وے پر زیرو پوائنٹ سے ریڈ زون میں داخلہ ناممکن بنا دیا گیا، اسلام آباد ایکسپریس وے کھنہ پل سے فیصل مسجد تک مختلف مقامات پر سیل کر دی گئی، ڈی چوک ،سرینا چوک، نادرا چوک پر بھی کنٹینرز کھڑے کر دیئے گئے۔
انتظامیہ کے مطابق راولپنڈی صدر سٹیشن تا پاک سیکرٹریٹ تک میٹرو بس سروس بند رہی، راستوں کی بندش کی وجہ سے شہریوں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑ ا،وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ،موبائل فون سروس معطل رہی۔
سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی کے مطابق راولپنڈی شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں اور اہم شاہراہوں پر پولیس تعینات ہے ، امن و امان میں خلل ڈالنے والوں سے نمٹنے کے لئے خصوصی تربیت یافتہ دستے تعینات کئے گئے ۔