پی ٹی آئی کو لاشیں چاہئیں، بانی پی ٹی آئی اب سیاسی کفن پر آخری کیل ٹھوک رہے ہیں، سینیٹر فیصل واوڈا


اسلام آباد(صباح نیوز) سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کو اب لاشیں چاہئیں ، اسی کی منصوبہ بندی کررہی ہے، میں بانی پی ٹی آئی کو جس ڈگر پر جانے سے روک رہا تھا وہیں گئے، بانی پی ٹی آئی اب سیاسی کفن پر آخری کیل ٹھوک رہے ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ اقتدار کیلئے ایک جماعت گھناؤنا کھیل کھیل رہی ہے ، بانی پی ٹی آئی کو فکر ہے کہ معیشت کی کمر سیدھی ہوگئی ہے، بانی پی ٹی آئی آزادی اور غلامی سے نجات کی باتیں کررہے ہیں ، پہلے اپنے آپ کو ذہنی غلامی سے نجات دلائیں ، تحریک انصاف کو اب لاشیں چاہئیں ، اسی کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ریڈوزون اس لئے آنا چاہتے ہیں کہ لڑائی ہو، لوگوں کو مروانے کیلئے احتجاج کی کال دی، بانی پی ٹی آئی سب سے پہلے اپنے بیٹوں کو پاکستان لائے،بانی پی ٹی آئی یہود کی غلامی کررہا ہے ، غیرملکی شخصیت پاکستان آرہی ہیں، پاکستان میں سرمایہ کار آرہے ہیں، حکومت کی نالائقی ہے کہ وہ پی ٹی آئی کی چیزوں کو ہائی لائٹ نہیں کررہی۔

نہوں نے کہا کہ گنڈا پور میرا دوست رہ چکا ہے خ کے پی کے میں کرپشن ہورہی ہے۔  گنڈا پور قوم کو گمراہ کررہا ہے ، غلامی کررہے ہیں ۔ کے پی کے کا سی ایم گالی دے رہا ہے ، کے پی کے وسائل خرچ کئے  جارہے ہیں ۔فیصل واوڈا نے کہا کہ گنڈاپور ایک پیادہ ہے اور اس کے پیچھے ایک کہانی ہے ، آپ کو سیاست کرنی ہے تو سیاست کریں بات کرو تومولاجٹ کی سیاست شروع ہوجاتی ہے ،جو بدمعاشی اور غنڈہ گردی کی بات کررہاہے وہ سی ایم ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ڈی چوک اس لئے نہیں آئیں گے کیونکہ انہیں تصادم چاہیے ، جب تک اوپر والا راضی ہے چیزیں چلتی رہیں گی، کوشش ہر بار رہتی ہے کہ نااہل کرکے گھسیٹ کر باہر کردیا جائے، اللہ کی مہربانی ہے ہر بار اہل ہوکر آجاتا ہوں، اگر آپ نے سٹیٹ کی رٹ کو چیلنج کیا یا کرنا چاہتے ہیں تو چیپٹر کلوز ہے ۔فیصل واوڈا نے کہا کہ میرے گھر میں وفات ہو اور آپ ڈھول باجے لے آئیں تو جوتیاں ہی پڑنی ہیں، ملک میں استحکام آرہا ہے،پٹرول مزید سستا ہوگا، ڈالر کم ہوا ،آئی ایم ایف معاہدہ ہوا، انڈسٹری کو 9سینٹ کی بجلی ملے گی،شرح سود میں کمی ہوئی ہے۔سینیٹر نے کہا کہ یہ نہیں کہہ رہا کہ دودھ کی نہریں کس نے بہائی تھیں، اگلے ہفتے پاکستان کیلئے پھر ایک بڑی خبر آرہی ہے، تحریک انصاف بھی کوشش کرتی رہی، اگر ایس آئی ایف سی کا کریڈٹ ہے تو کسی کی بات کیوں کروں، جو فوج کی اچھی چیزیں ہیں ان کو سراہنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے فیض حمید کو اپنا باپ بنالیا تھا ،فیض حمید جب وردی میں بیٹھے ہوئے تو پریشانیاں جھیلیں، جہاں ڈکٹیٹر شپ ہو وہاں غلامی قبول نہیں کرسکتا، میں ان میں سے نہیں جو 9مئی پر مذمت کرنے آگئے تھے۔فیصل واوڈا نے کہا کہ میں کراچی والا ہوں گالیوں میں اتنی سپیڈ ہے کہ فورسٹار بھی پیچھے رہ جائے گی، گالی اور بداخلاقی سے چیزیں ٹھیک نہیں کرسکتے، آپ سلام کریں گے تو جواب میں ڈبل سلام ملے گا، گالی دیں گے تو مجھ سے ڈبل گالی ملے گی، میں بانی پی ٹی آئی کو جس ڈگر پر جانے سے روک رہا تھا وہیں گئے، بانی پی ٹی آئی اب سیاسی کفن پر آخری کیل ٹھوک رہے ہیں۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ کوئی سیاسی کیس نہیں ہے، 9 مئی بھی سیاسی کیس نہیں ہے۔ آپ جان بوجھ کر غیر قانونی کام کرنے جا رہے ہیں، تاکہ حالات خراب ہوں، گولیاں چل جائیں، خود بندے مار دیں اور مدعا کسی اور پر ڈال دیں۔ اس طرز سیاست سے ہمیں نکلنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے لوگوں سے پوچھتا ہوں کہ میں دو سال پہلے ٹھیک تھا۔ مجھے خان صاحب سے بہت پیار تھا، میں نے انہیں بتایا کہ آپ پر گولیاں چلیں گی، آپ کے پیاروں نے ان پر گولیاں چلائیں، جن پر بھروسہ کرتے تھے لیکن آج بھی پی ٹی آئی کے لوگوں کا دماغ کدھر ہے؟۔فیصل واوڈا نے کہا کہ آپ لیڈر سے پیار کرتے ہیں مگر یہ کیا بات ہے کہ آپ زبان سے بول نہ سکیں، آپ باتھ روم نہیں جا سکتے، آپ صرف آکے کہیں میں آگ لگاؤں گا، میں گولی مار دوں گا، میں اس کی ٹانگیں توڑ دوں گا، میں اس پر حملہ کردوں گا، آپ کسی ماں بہن بیٹی کی پردہ داری کا خیال نہ کریں، کسی کے گھر میں گھس جائیں، میں آپ کے کسی کو گالی دوں گا تو کیا آپ میرا گریبان نہیں پکڑیں گے؟۔

انہوں نے کہا کہ ہر چیز کی ایک حد ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاست کی بھی ایک حد ہے،سیاست کی بھی ایک حد ہے اسی طرح حکومت کی بھی ایک حد ہے۔ یہاں میری گزارش ہے اعلیٰ عدلیہ سے کہ وہ اپنا کردار ادا کریں۔ نہ یہ پی ٹی آئی کے باپ کا ملک ہے، نہ یہ ن لیگ یا پیپلز پارٹی کے باپ کا ملک ہے۔ یہ کسی کے باپ کا ملک نہیں ہے۔ میں بھی آپ کے سامنے ہوں، کس بے دردی سے مجھے نکالا تو کیا ہوا؟ کیا میرا رزق رک گیا، کیا میں معذور ہوگیا؟ مجھے کیا ہوا؟ چیزیں چلتی رہیں گی۔ لوگ لڑ رہے ہیں ،شہرت کے نام پر لڑ رہے ہیں۔

سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ کسی کو بھی بڑھکیں مارنے سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ پھر بھی اگر آپ نے سوچ لیا ہے کہ آپ نے یہی سیاست کرنی ہے تو پھر سیاسی فتح اور دفن کی تیاری سامنے ہے، رزلٹ بھی سامنے ہے۔ نازک موڑ پر کھڑے ہیں، پاکستان کی ترقی، خودمختاری کو اب کسی کا باپ بھی نہیں روک سکتا۔ ملک میں بجلی سستی ہوگی ، پیٹرول بھی سستا ہورہا ہے۔ میں اس حکومت کا فین نہیں ہوں، نہ اس حکومت کو بہت زیادہ اہل بھی نہیں سمجھتا لیکن جب مینڈیٹ کی بات کریں کہ جو 2018 میں ہم نے کیا آج وہی انہوں نے کردیا، یہ تو عام بات ہے۔انہوں نے کہا کہ دید، مروت، لحاظ بہت ہوگیا ہے۔ مجھے اس دوراہے پر نہ لایا جائے کہ مجھے اپنے فون سے کچھ باتیں قوم کے سامنے رکھنی پڑیں۔ یہ قوم جب کسی کو سر پر بٹھاتی ہے تو پاں میں لانے میں بھی دیر نہیں کرتی۔ یہ جذباتی قوم ہے۔ ایسے حالات پر نہ لائیں جہاں چیزیں آؤٹ آف کنٹرول ہو جائیں۔

صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ گھٹیا وڈیوز کا میں قائل نہیں ہوں، وہ میرے فون میں بھری ہوئی ہیں۔ کسی کی ذاتی زندگی کا فیصلہ اللہ نے کرنا ہے میں نے نہیں کرنا۔ لیکن ایسے حالات میں، میرا مقصد ہے کہ میں تنبیہ کررہا ہوں کہ قتل و غارت رک جائے، لیکن اگر آپ نے ریاست کی رٹ کو چیلنج کیا یا ایسا کرنا چاہتے ہیں تو پھر چیپٹر کلوز ہے۔