لیفٹیننٹ جنرل محمد علی نے سیکریٹری دفاع کا عہدہ سنبھال لیا

اسلام آباد(صباح نیوز)لیفٹیننٹ جنرل محمد علی نے سیکریٹری دفاع کا چارج سنھال لیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ ہفتے سیکریٹری دفاع کی تعیناتی کی تھی جنہیں دو سال اور تین ماہ کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔ملک کے 33ویں سیکریٹری دفاع محمد علی 31 دسمبر 2026 تک اس عہدے پر تعینات رہیں گے جہاں ان سے قبل اس عہدے پر فائض لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ حمود الزمان کی بطور سیکریٹری دفاع دو سالہ مدت اگست میں مکمل ہوگئی تھی۔

بعد ازاں وزارت دفاع کے ایڈیشنل سیکرٹری کو قائم مقام سیکرٹری دفاع مقرر کیا گیا تھا اور منگل کو میجر جنرل عامر اشفاق کیانی بھی قائم مقام سیکریٹری دفاع کی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہوگئے۔واضح رہے کہ سیکریٹری دفاع نے عہدہ ایک ایسے موقع پر سنبھالا ہے جب گزشتہ روز ہی لیفٹینینٹ جنرل عاصم ملک نے ڈی جی آئی ایس آئی کا عہدہ سنبھالا تھا اور لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم اپنے عہدے سے سبکدوش ہو گئے تھے۔