پشاور(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان اور سیکرٹری جنرل عبدالواسع نے باجوڑ میں سابق سینیٹر ہدایت اللہ خان اور ان کے ساتھیوں کے بم دھماکے میں جاں بحق ہونے کی شدید مذمت کی ہے۔ المرکز الاسلامی پشاور سے جاری کیے گئے بیان میں دونوں رہنماوں نے واقعے پر افسوس اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے دشمن ملک کا امن تباہ کر کے امن و امان کی صورتحال خراب کرنا چاہتے ہیں۔ایسی بزدلانہ کارروائیوں میں ملوث عناصر پاکستان کے بدترین دشمن ہیں۔
انھوں نے کہا کہ حکومت بھی امن و امان برقرار رکھنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ شہریوں کی جان، مال، عزت و آبرو کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے لیکن حکومت صرف ٹیکس وصول کرکے عوام کا چمڑا اتارنے میں مصروف ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس واقعے کو بھی بقیہ واقعات کی طرح پسِ پشت ڈال دیا جائے گا۔ انھوں نے واقعے کی تحقیقات اور ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مظالبہ کیا۔ رہنماوں نے مرحومین کی روح کے ایصال ثواب اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے نائب امیر و سابق صوبائی وزیر عنایت اللہ خان نے بھی واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی۔