مردان(صباح نیوز) مردان کی ممتاز مذہبی سیاسی و سماجی شخصیت سابق ڈپٹی سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی، سابق چیئرمین بلدیہ مردان، محقق اور مصنف مردان بار سینئر رکن اکرام اللہ شاھد طویل علالت کے بعد انتقال کر گے۔ ان کی نماز جنازہ آج رات دس بجے شیر خان ٹاون کس کورونہ مردان میں ادا کی جائے گی۔ وہ چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان قاضی فائز عیسی کے سیکرٹری ڈاکٹر مشتاق احمد، کنگ فہد یونیورسٹی سعودی عرب کے پروفیسر انجینئر جواد احمد اور سیاسی رہنما افتخار احمد فاروق کے والد ماجد اور ممتاز صنعتکار کلیم اللہ امجد کے بھائی، مردان پریس کلب کے سابق صدر لطف اللہ لطف کے چچازاد بھائی اور حبیب بنک کے ایریا منیجر شاہد باچہ کے ماموں تھے۔ ان کی رسم قل جمعہ 28 جون کو گل برگ ٹان(کس کورونہ) مردان میں ادا کی جائے گی۔
اکرام اللہ شاہد 12 جون 1949 کو کس کورونہ مردان کے دینی گھرانے میں پیدا ہوئے۔ آپ نے پشاور یونیورسٹی سے پاکستان سٹڈیز میں ماسٹر، کراچی یونیورسٹی سے ایل ایل بی اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی سے اقبالیات میں ایم فل کی ڈگری حاصل کی۔ وہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے پی ایچ ڈی سکالرز تھے۔آپ نے بھرپور سیاسی زندگی گذاری اور سیاست کے ساتھ تحقیق اور تصنیف و تالیف کا سلسلہ بھی جاری رکھا۔ وہ تحریک پاکستان سمیت مختلف موضوعات پر کئی کتابوں کے مصنف تھے۔ ان کے والد گرامی مولانا مدراراللہ مدرار مرحوم نے تحریک پاکستان میں سرگرمی سے حصہ لیا اور وہ تحریک آذادی کے اہم رہنماں میں شامل تھے۔