فوجی آپریشن کسی صورت قابل قبول نہیں، اے این پی

 پشاور(صباح نیوز) عوامی نیشنل پارٹی نے آپریشن استحکام پاکستان کی مخالفت کردی۔گورنر خیبر پختون خوا فیصل کریم کنڈی پشاور میں اے این پی کے باچا خان مرکز پہنچ گئے۔ گورنر نے اے این پی کی اعلی قیادت سے ملاقات کی جس میں سیکیورٹی و سیاسی معاملات پر بات چیت کی گئی۔بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اے این پی رہنما میاں افتخار نے کہا کہ دہشت گردوں کی جڑیں پنجاب میں ہیں، آپریشن استحکام پاکستان کے فیصلے پر شدید تحفظات ہیں،

اے این پی نے گورنر کو تحفظات کے حوالے سے آگاہ کردیا، آپریشن کسی صورت قابل قبول نہیں۔انہوں نے کہا کہ آپریشن استحکام پاکستان کا فیصلہ یکطرفہ ہوا، لوگوں کو مذاکرات اور آپریشن دونوں پر یقین نہیں، جنرل فیض نے کس کے کہنے پر مزاکرات کئے ؟ 40 ہزار دہشت گرد کیسے آئے ؟ آپریشن کے حوالے سے قومی اور صوبائی اسمبلی کو اعتماد میں لیا جائے، اپر دیر ، لوئر دیر میں آپریشن پر بھی اعتماد میں لیا جائے، اے این پی آپریشن عزم پاکستان کے حوالے سے کل جماعتی اجلاس (اے پی سی) بلا رہی ہے۔۔