کراچی(صباح نیوز)الخدمت عید الاضحی پر کراچی سمیت ملک بھرمیں ہزاروں فی سبیل اللہ قربانی کرے گی۔ گوشت مستحقین اور ضرورت مندوں تک پہنچایا جا ئے گا۔ الخدمت کی جانب سے شہر بھر میں اجتماعی قربانی کے مراکزقائم کر دیئے گئے ہیں ،جہاں شہریوں کو اجتماعی قربانی کی سہولت فراہم کی جائے گی جبکہ کراچی میں قائم مختلف مراکز پر غربا،مساکین اور ضرورت مندوں کے لیے بھی فی سبیل اللہ قربانی کا اہتمام کیا جائے گا اور گوشت ان کی دہلیز پرپہنچایاجائے گا ۔
الخدمت نے جنگ سے متاثرہ فلسطینی مظلوم بہن بھائیوں کے لیے بھی اس عید الاضحی پر قربانی کا اہتمام کیا ہے ۔قربانی کا گوشت ٹن پیک کی صورت میں غزہ بھیجا جائے گا تاکہ اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کو اس مشکل وقت میں عید الاضحی کی خوشیوں میں شریک کیا جا سکے ۔فلسطینیوں تک گوشت پہنچانے کے عمل کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں ۔الخدمت نے فی سبیل اللہ قربانی کرکے گوشت ہائی جینک طریقے سے محفوظ بنانے اوراسے مستحقین تک پہنچانے کے انتظامات کیے ہیں۔ الخدمت کے سینکڑوں رضاکار گوشت کی تقسیم کے عمل میں حصہ لیں گے اور گوشت گھروں تک پہنچائیں گے۔
دریں اثنا الخدمت کر اچی کے چیف ایگزیکٹو نوید علی بیگ نے صاحب ثروت افرادسے اپیل کی ہے کہ ضرورت مند پاکستانیوں اورفلسطینی مسلمانوں کو عید کی خوشیوں میں شریک کر نے کیلئے فی سبیل اللہ قربانی میں حصہ لیں۔انہوں نے کہا کہ کر اچی کے مختلف علاقوں میں قربانی مراکز قائم کر دیئے گئے ہیں،جہاں لوگوں کو اجتماعی قربانی کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ فی سبیل اللہ قربانی کا گوشت مستحقین ان کی عزت نفس کا خیال رکھتے ہو ئے پہنچا یا جائے گا،جبکہ رضاکاروں کی ایک بہت بڑی ٹیم لوگوں تک قربانی کا گوشت پہنچانے کے لیے تیار ہے۔انہوں نے کہاکہ عید کی خوشیوں میں ان لوگوں کو شریک کرنا ضروری ہے جوقربانی کی استطاعت نہیں رکھتے، مہنگائی کی وجہ سے متاثر رہتے ہیں اوروہ سارا سال گوشت کا انتظار کر تے ہیں۔