15 نامزد بینکوں کے زریعے حج درخواستوں کی وصولی کا آغاز


اسلام آباد(صباح نیوز) حج درخواستوں کی وصولی کا آغاز پیر کے روز ہو گیا ہے ۔ حج کے خواہش مند افراد کو15 نامزد بینکوں میں۔ حج درخواست کے ہمراہ 2 لاکھ روپے جمع کرانا ہوں گے، دوسری قسط قرعہ اندازی کے بعد وصول کی جائے گی۔ یکم تا 10 فروری بقیہ حج واجبات ادا کرنا لازمی ہوں گے۔
ترجمان مذہبی امور نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سرکاری حج سکیم کا کوٹہ 89 ہزار 605 مختص ہے۔ سمندر پار پاکستانیوں کے لیے اسپانسر شپ اسکیم کی 5 ہزار نشستیں مختص ہیں۔ بیرون ملک سے امریکی ڈالرز میں یکمشت ادائیگی کرنا ہوگی۔ترجمان نے کہا کہ وزارت کے ڈیش بورڈ پر بینکوں کی سینکڑوں برانچوں کی کارکردگی کو براہ راست مانیٹر کیا جائے گا۔ خواتین عازمین حج سرپرست کی اجازت سے قابل اعتماد گروپ کے ساتھ بغیر محرم روانہ ہو سکیں گی۔ اضافی سہولیات میں الگ فیملی رومز اور قربانی کی سہولت دستیاب ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ سرکاری حج پیکیج میں فضائی ٹکٹ، کھانا، تربیت، مکتب اور ویکسین شامل ہے۔ شدید نوعیت کے پیچیدہ امراض کے حامل افراد کو سفر حج کی اجازت نہیں ہوگی۔ ایڈوانس اسٹیج کی حاملہ خواتین سفر حج پر روانہ نہیں ہو سکیں گی۔ 12 سال سے کم عمر بچے بھی سفر حج پر روانہ نہیں ہو سکیں گے۔ترجمان مذہبی امور نے واضح کیا کہ درخواست گزاروں کو حج ہیلپ لائن، ویب سائیٹ، موبائل ایپ اور آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے ہر قسم کی مفصل رہنمائی میسر ہوگی۔