راولپنڈی (صباح نیوز) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ190ملین پائونڈ کیس کا فیصلہ موخر ہونا کسی ڈیل کا حصہ نہیں ۔پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجہ نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کی۔ اس موقع پر بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم تو ذہنی طور پر تیار تھے کہ فیصلہ سنایا جانا ہے، فیصلے کے لیے ہم تیار ہو کر آئے تھے، ہمیں نہیں پتہ جج اتنی جلدی میں کیسے چلے گئے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ القادر ٹرسٹ کا مقصد بانی پی ٹی آئی پر پریشر بنانا تھا، بانی پی ٹی آئی ان کے پریشر میں آنے والے نہیں ۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ فیصلہ موخرہونے کی وجہ ہم نہیں ہیں، جج صاحب نے خود وقت سے قبل ہی فیصلہ موخرکر دیا۔ اس دوران سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ ڈیل ہورہی ہے، کوئی ڈیل نہیں ہورہی، مذاکراتی عمل جاری ہے، تیسرا دور 15 جنوری کو ہوگا۔انہوںنے کہا کہ مذاکرات اور اس کیس کا آپس میں کوئی تعلق نہیں ہے، مذاکرات کا مقصد جمہوریت اور انصاف کی بالادستی ہے۔