نریندرمودی نے تیسری مرتبہ بھارت کے وزیراعظم کی حیثیت سے حلف اٹھالیا

نیودہلی(صباح نیوز) نریندرمودی نے تیسری مدت کے لیے بھارت کے وزیراعظم کی حیثیت سے حلف اٹھالیا جہاں ان کے ساتھ اتحادی حکومت کے 72 وزرا نے بھی حلف اٹھایا۔ صدارتی محل راشٹراپتی بھاون میں منعقدہ تقریب میں صدر دروپادی مورمو نے نریندر مودی سے حلف لیا اور تیسری مرتبہ بھارت کا وزیراعظم بننے کا ریکارڈ برابر کردیا، اس موقع پر خطے کے 7 ممالک کے رہنماں، بالی ووڈ اسٹارز، صنعت کاروں سمیت ہزاروں شخصیات نے تقریب میں شرکت کی۔

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نریندر مودی کے ہمراہ نئی اتحادی حکومت کے 72 وزرا نے بھی حلف اٹھالیا ہے، جن میں سے 30 کابینہ وزرا، 5 آزاد اور 36 وزرائے مملکت ہوں گے، جن کے قلم دان کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔خیال رہے کہ 73 سالہ نریندر مودی نے یکم جون کو مکمل ہونے والے عام انتخابات کے نتیجے میں اتحادیوں کے ہمراہ اکثریت حاصل کرکے ریکارڈ تیسری مرتبہ وزیراعظم بننے کا موقع حاصل کرلیا ہے لیکن پیش گوئیوں کے برعکس ان کی جماعت کو ماضی کے دو ادوار کے مقابلے میں واضح اکثریت حاصل نہیں ہوئی۔

بھارتی انتخابات کے ان نتائج کو نریندر مودی کے لیے دھچکا قرار دیا گیا ہے کیونکہ انتخابات سے قبل تمام پولز اور سرویز میں نریندر مودی کو مقبول ترین رہنما کے طور پر دکھایا گیا تھا اور امکان ظاہر کیا گیا تھا کہ انہیں تیسری مرتبہ وزیراعظم بننے کے لیے 2019 کے مقابلے میں زیادہ نشستیں حاصل ہوں گی۔اس سے قبل پنڈت جواہر لعل نہرو بھارت کے واحد وزیراعظم تھے جو تین دفعہ وزیراعظم منتخب ہوئے تھے اور اب مودی دوسرے بھارتی وزیراعظم بن گئے ہیں جو یہ اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔نریندر مودی نے جمعے کو ان کے اتحاد نیشنل ڈیموکریٹک الائنس کی جانب انہیں اتحاد کو سربراہ نامزد کرنے کے بعد بیان میں کہا تھا کہ ہم اکثریت حاصل کرچکے ہیں لیکن ملک چلانے کے لیے اتفاق رائے اہم ہے اور ہم متفقہ طور آگے بڑھیں گے۔