چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی، وفاقی وزیرداخلہ سمیت دیگر رہنما ؤں کی لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر دہشتگردوں کے حملے کی شدید مذمت

اسلام آباد (صباح نیوز)چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی، وفاقی وزیرداخلہ سمیت دیگر رہنما ؤں نے لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر دہشتگردوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے ۔ اپنے بیان میں اسپیکر  سردار ایاز صادق نے حملے کے نتیجے میں کیپٹن محمد فراز الیاس سمیت 6 جوانوں کی شہادت کے واقعہ  پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے  شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔اسپیکر نے شہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہادر سیکیورٹی جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گئیں،غم اور دکھ کی گھڑی میں سیکیورٹی فورسز کے اہلخانہ کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا ہے کہ دہشتگرد انسانیت کے دشمن ہیں،دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائیاں ملک کے امن کو سبوتاژ کرنے کی مذموم سازش ہے۔ سردار ایاز صادق نے عزم کیا ہے کہ  دہشتگرد اپنی مذموم سازش میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہونگے،دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے دہشتگردی کے خلاف جنگ کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں،ملک میں دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے لڑنے والے جوان قوم کے حقیقی ہیرو ہیں۔ اسپیکر نے  اللہ تعالی سے شہدا کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل عطا فرمانے کی دعا کی ۔وفاقی وزیرداخلہ سینیٹرمحسن نقوی نے  لکی مروت کے علاقے میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب  آئی ای ڈی  دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کیپٹن محمد فراز الیاس سمیت  7 سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر انھیں خراج عقیدت پیش کیا ہے انھوں نے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے ۔ اپنے ایک بیان میں سینیٹرمحسن نقوی نے  کیپٹن محمد فراز الیاس سمیت شہید سکیورٹی  اہلکاروں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش اور شہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت  کیا ہے ۔ انھوں نے کہا ہے کہ کیپٹن محمد فراز الیاس سمیت 7 سکیورٹی اہلکاروں نے اپنی قیمتی جانیں وطن پر نچھاور کرکے شہادت کا عظیم رتبہ پایا۔شہدا نے اپنا قیمتی لہو دے کر امن کی آبیاری کی ہے۔شہدا قوم کا افتخار ہیں اور ان کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ محسن نقوی نے کہا کہ کیپٹن محمد فراز الیاس سمیت دیگر شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،دہشت گرد اور ان کے سہولت کار ہاک دھرتی کے ناسور ہیں۔انھوں نے کہا کہ دہشتگردوں کے مکمل خاتمے کیلئے پوری قوم پرعزم ہیں،بزدلانہ کارروائیاں قوم کے پختہ عزم کو شکست نہیں دے سکتیں۔پی پی پی چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے  لکی مروت میں سڑک کنارے نصب بم دھماکے  کی مذمت کرتے ہوئے  کیپٹن فراز اور  شہیدجوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

اپنے بیان میں انھوں نے کہا ہے کہ مجھ سمیت پوری قوم کو اپنے شہدا پر فخر ہے،ایسے بزدلانہ حملے پاکستانی قوم اور اس کی افواج کے عزم کو کبھی پست نہیں کر سکیں گے،  “ہماری دعائیں شہید اور زخمیوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں، بلاول بھٹو زرداری  نے کہا کہ پاکستان دہشت گردوں کے خلاف پرعزم ہے، آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔انھوں نے کہا کہ شہید فوجیوں کو میں، میری جماعت اور پوری قوم خراج عقیدت پیش کرتی ہے،دہشت گردی کے خلاف جنگ اس وقت تک جاری رہے گی جب تک آخری دہشتگرد کا خاتمہ نہیں ہو جاتا۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پاک فوج کی گاڑی پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پر دکھ اور غم کا اظہارکیا ہے ۔شہید اہلکاروں کے ورثا سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے شہدا کے درجات کی بلندی اور ورثا کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ انھوں نے کہا ہے کہ شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔حملے کے ذمہ دار دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ملک کا امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی،پاکستانی عوام اپنے افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں،سیکیورٹی فورسز نے ملک کی سلامتی و بقا کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کیا، قوم ان قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے بھی اس دہشتگردانہ حملے کی مذمت کی ہے۔  اور حملے میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگرد اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہونگے۔اللہ پاک شہدا کے درجات بلند کرے اور سوگواران کو صبر عطا فرمائے۔سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے لکی مروت میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیپٹن فراز الیاس اور ان کے چھ ساتھی کی شہادت کا سن کر دلی صدمہ پہنچا۔ اللہ تعالی سے دعا ہے شہیدوں کو جنت میں اعلی مقام عطا فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے آمین۔کیپٹن فراز الیاس اور ان کے چھ ساتھی کی شہادت پاکستانی قوم پر قرض ہے ۔ دھماکے میں شہید جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں، زخموں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتا ہوں۔ سلیم مانڈوی وال نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں شہید فوجی جوانوں کے اہلخانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔دہشتگردوں کی ایسی بزدلانہ کارروائیاں ہمیں کمزور نہیں کر سکتے۔