کراچی(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کی قیادت میں جماعت اسلامی کے وفد نے کراچی پولیس چیف ایڈیشنل آئی جی عمران یعقوب منہاس سے ان کے دفتر میں ملاقات کی ، شہر میں ڈاکوراج ، مسلح ڈکیتیوں کی بڑھتی ہوئی وارداتوں ، ڈاکوؤں کی فائرنگ سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع بالخصوص نوجوانوں کے قتل ، محکمہ پولیس کی کارکردگی اور عوام کی جان و مال کے تحفظ میں ناکامی کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی اور کہاکہ طلبہ ،نوجوان،تاجر و صنعت کار کوئی بھی محفوظ نہیں ، شہر میں لوٹ مار اور مسلح ڈکیتی کی وارداتوں اور مجرموں کی عدم گرفتاری محکمہ پولیس کی کارکردگی پر بھی سوالیہ نشان ہے اس کے باعث عوام کے اندر بھی عدم تحفظ کا احساس بڑھتا جارہاہے ۔ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے نشانہ بننے والوں میں نوجوانوں کی بڑی تعداد کا شامل ہونا مزید تکلیف کا باعث ہے۔باصلاحیت اور ذہین نوجوان ملک و قوم کا سرمایہ ہوتے ہیں اور اپنے گھروں اور خاندانوں کا سہارا بھی لیکن افسوس کہ بے رحم ڈاکو موبائل اور نقدی کے لیے ان کی جان تک لے رہے ہیں۔ نوجوان مایوسی کا شکار ہیں ، شہر میں پہلے ہی روزگار کے مواقع موجود نہیں ہیں اور نوجوان اپنی قابلیت اور محنت سے روزگار حاصل کرلیتے ہیں وہ جان و مال چھن جائے تو خوف کا شکار رہتے ہیں ، اسی طرح تاجر و صنعت کار بھی سخت پریشان ہیں ،کاروبار متاثر ہورہے ہیں ، صنعتیں کراچی سے منتقل ہورہی ہیں اور لوگوں کے روزگار ختم ہورہے ہیں ،اس لیے ضروری ہے کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائمز اورمسلح ڈکیتی کی وارداتوں کا خاتمہ کیا جائے اور امن وامان کے قیام کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہر میں کاروبار وروزگار کو بھی تحفظ ملے اور کراچی کے شہری نوجوان ، تاجر اور صنعت کار بھی سکون کے ساتھ رہ سکیں ۔
منعم ظفر خان نے مطالبہ کیا کہ پولیس اپنی ذمہ داری پوری کرے ، عوام کا تحفظ یقینی بنائے اور شہر میں جرائم پیشہ عناصر ،منشیات فروشوں اور ڈاکوئوں کے نیٹ ورک کے خلاف مؤثر کارروائی کرے تاکہ عوام کو امن و سکون حاصل ہو سکے ۔ملاقات میں ایڈیشنل آئی جی عمران یعقوب منہاس نے یقین دہانی کرائی کہ پولیس پوری کوشش کر رہی ہے کہ شہر میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہو۔وفد میں جماعت اسلامی کراچی کے نائب امراء سیف الدین ایڈوکیٹ ، راجہ عارف سلطان ، سٹی کونسل میں جماعت اسلامی کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر سیدقاضی صدر الدین بھی شامل تھے۔