رب سے ہمیشہ دنیا و آخرت میں کامیابی مانگنی چاہیے ، شاہد ہاشمی

کراچی(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی ضلع شرقی سید شاہد ہاشمی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے کام صرف آخرت میں اللہ کی خوشنودی کے لیے کیے جائیں ، ہمیں ہر وقت رب کریم سے عافیت مانگنی چاہیے کہ دنیا و آخرت میں کامیابی نصیب ہوجائے ۔

اس بات کا اظہار انہوں نے دفتر علاقہ نیشنل اسٹیڈیم گلشن اقبال میں سالانہ اجتماع کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ گلشن اقبال کے عوام نے جماعت اسلامی پر اعتماد کیا ہے تو ان کو ہماری کار کردگی و خدمات دیکھ کر فرق محسوس ہونا چاہیے۔اجتماع سے قیم ضلع شرقی و ٹاون چیئرمین گلشن اقبال ڈاکٹر فواد احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلشن ٹاون میں امسال بھی قربانی کی آلائشوں اور علاقے کی صفائی مثالی انداز سے کر کے دکھائیں گے ۔ جماعت اسلامی کے پاس عوام اپنے مسائل لا رہے ہیں اور خوش اسلوبی سے ہم انکو حل کر رہے ہیں ۔

قبل ازیں گلشن اقبال یونین کمیٹی ٨ کے چیئرمین خضرباقی باللہ اوروائس چیئرمین آصف عبد الکریم نے کارکنان کے سامنے یوسی کی سالانہ کار کردگی میں بلدیاتی کاموں کی رپورٹ اور پلاننگ پیش کی ۔ جس میں یو سی کیاندر اسٹریٹ لائٹ، وینچنگ، پارک، تجاوزات، کچرا صفائی ، پانی و دیگر کیے گئے کاموں کی تفصیلات شامل تھیں ۔ناظم علاقہ کامران خان چشتی نے تمام کارکنان کو چرم قربانی کے اہداف دیتے ہوئے کہا کہ عید کے ایام میں ہم خصوصی وقت نکال کر عید الاضحی کے موقع پر قربانی کی چرم کے لیے کارکنان جماعت ہر گھر تک پہنچیں اور الخدمت کی کارکردگی سے عوام کو آگاہ کریں۔اجتماع کے آغاز میں ذاکر احمد نے سور حجرات کی روشنی میں درس قرآن بھی دیا۔