گلشن اقبال ٹاؤن ، خلفائے راشدین پارک سے شجر کاری پروگرام کا آغاز

کراچی (صباح نیوز)چئیرمین گلشن اقبال ٹاؤن ڈاکٹر فواد احمد نے کہا ہے کہ گلوبل وارمنگ سے نمٹنے کیلئے ہریالی بڑھانے کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے یہ مسئلہ نسلوں کی بقا کا ہے جس سے نمٹنے کیلئے اجتماعی کوششوں کے ساتھ انفرادی کردار انتہاء اہمیت اختیار کر چکا ہے.

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منتخب بلدیاتی نمائندگان ،علاقہ مکینوں اور افسران کے ہمراہ خلفائے راشدین پارک یوسی 3 میں شجر کاری پروگرام کا آغاز کرتے ہوئے کیا.انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شجر لگانے میں ہر ایک کو بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ضرورت ہے ہر شہری ایک درخت لگائے تو یہ مسئلہ دم توڑ جائے گا ہم کوشش کر رہے ہیں کہ شجر برائے اجر کے تصور کو گلشن اقبال ٹاؤن کے کونے کونے تک پہنچائیں کیونکہ شجرکاری مہم میں عوامی دلچسپی اور شمولیت ہی ہریالی کو فروغ دے سکتی ہے ،

گلشن اقبال ٹاؤن اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے میدان میں ہے اور ابتداء طور پر ایک لاکھ پودے لگانے کا منصوبہ ہے جس میں گلشن اقبال ٹاؤن کے 38 پارکوں میں ایک ہزار زیتون کے پودے لگانے جارہے ہیں جس کو بتدریج بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گلشن اقبال ٹاؤن کو زیتون اور دیگر ماحول دوست درختوں سے لبریز کیا جائے گا.