سندھ حکومت، محکمہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کی جان و مال کے تحفظ میں مکمل طور پر ناکام ہوگئے،رخشندہ منیب

کراچی( صباح نیوز)  ناظمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی صوبہ سندھ رخشندہ منیب نے  ڈکیتی کی واردات میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے سابقہ ناظمہ اسلامی جمعیت طالبات کراچی وقار فاطمہ کے صاحبزادے گولڈمڈلیسٹ نوجوان اتقاء معین کی  رہائش گاہ پر جاکر ان کے اہل خانہ سے ملاقات و تعزیت کی۔ ناظمہ صوبہ نے مرحوم کی مغفرت اور اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا کی اور کہا کہ سندھ حکومت، محکمہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کی جان و مال کے تحفظ میں مکمل طور پر ناکام ہوگئے ہیں اور جرائم پیشہ عناصر و مسلح ڈاکو شہر میں مسلسل اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

چند ماہ میں دوران ڈکیتی مزاحمت پر78افراد کاقتل لمحہ فکریہ ہے۔قاتلوں ودہشتگردوں کو کھلی چھوٹ اورحکومت وادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں ۔سیف سٹی سے لیکر سیکیورٹی کے  نام پراربوں روپے خرچکرنے کے باوجود عوام غیرمحفوظ ہیں ،روزانہ نوجوانوں وتاجروں کی لاشیں مل رہی ہیں۔جب اسٹریٹ کرائم وبدامنی کی صورتحال ملک کے سب سے بڑے شہرکی ہے توپھرسندھ کے باقی شہروں میں عوام کس اذیت ناک صورتحال سے دوچار ہوں گے۔شہریوں کی جان ومال کی حفاظت کرنا حکومت کی ذمے دارای ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اتقاء معین کے قاتلوں کو گرفتار کرے اور شہر میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کرے ، ملاقات میں  نائب ناظمات صوبہ عائشہ ودود ، عظمیٰ عمران اور عزرا جمیل بھی موجود تھیں۔#