کراچی(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے عوام اور تاجروں سے اپیل کی ہے کہ وہ دل کھول کر اپنے مظلوم فلسطینی عوام کی مدد کے لیے جماعت اسلامی کو اپنے عطیات جمع کروائیں۔ حیدرآباد کے ایک علاقے کے تاجروں کا فلسطینی مسلمان بھائیوں کے لیے 10 لاکھ جمع کر کے دینا اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کے تاجر برادری امت کادردرکھتے ہیں فلسطین کے لیے فنڈ دینے میں پیش پیش ہیں۔فلسطینی نہ صرف سرزمین انبیاء و قبلہ اول کی آزادی بلکہ پوری امت مسلمہ کی جنگ لڑ رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مبارک مسجد لطیف آباد نمبر 8 میں فلسطین کانفرنس میں تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ضلعی امیر عقیل احمد خان، صوبائی سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی موجود تھے۔ناظم زون لطیف آباد اے عامر فاروق، امام مسجد قاری ارشد ہاشمی سمیت تاجر براردی نے محمد حسین محنتی کو فلسطین فنڈ کے لیے 10 لاکھ روپے کیش رقم کا عطیہ بھی دیا۔انہوں نے کہاکہ ناجائز اسرائیلی ریاست نے فلسطینی عوام کے لیے زندگی تنگ اورظلم وجبر کی تمام حدیں پارکردیں ہے۔مسلم حکمرانوں کا خاموش تماشائی کردار افسوس ناک ہے.
امیر صوبہ نے کہاکہ جہاد اسلام کی معراج اور دین کا بڑا کام ہے۔ اسرائیل نہ صرف فلسطین بلکہ پورے عالم عرب کو اپنے زیر نگوں کرنا چاہتا ہے۔ امریکہ سمیت پورا عالم کفر ان کے ساتھ اور جدید اسلحہ و بارود کے باوجود حماس کے مجاہدین کے ایمانی جذبہ کا مقابلہ نہیں کرسکتا۔ پوری دنیا میں امریکی پشت پناہی میں غزہ میں ہونے والے جنگی جرائم کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرے ہو رہے ہیں خود امریکہ و یورپ کی یونیورسٹیوں میں طلبہ میدان میں ہیں۔دوسری جانب مسلم حکمرانوں کی بے حسی شرمناک و قابل مذمت ہے۔مشکل کی اس گھڑی میں جماعت اسلامی اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ امت مسلمہ کے حکمرانوں کو چاہئے کہ وہ خواب غفلت سے بیدار اوربے حسی چھوڑ کر فلسطین کے لیے یک جان یک آواز بنیں۔