کراچی(صباح نیوز)گلشن اقبال ٹاؤن کے چیئرمین ڈاکٹر فواد احمد نے آئندہ مالی سال میں گلشن اقبال میں ایک لاکھ درخت لگانے کا اعلان کردیا۔ وہ اپنے دفتر میں عالمی یوم ماحولیات کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر وائس چیئرمین ابراہیم صدیقی ، میونسپل کمشنر جاوید احمد کلوڑ ، پارکس کمیٹی کے چیئرمین آصف عبدالکریم ڈائریکٹر پارکس شباہت علی خان دعا فاؤنڈیشن کے عامر خان سرکل فاؤنڈیشن کے عبید ہاشمی بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر فواد احمد نے کہا کہ ہم نے گلشن کو گلشن بنانے کا وعدہ کیا ہے اسے صاف ستھرا اور سرسبز و شاداب بھی بنائیں گے۔ ہم نے قلیل مدت میں محدود مالی وسائل کے باوجود ٹاؤن کے اڑتیس میں سے 14 پارکس کو بحال کردیا اس سلسلے میں پارکس کمیٹی کے چیئرمین آصف عبدالکریم تمام یوسی چیئرمین وائس چیئرمین کونسل ممبران اور عملے کا مشکور ہوں جنہوں نے اس کام کو ایک چیلنج کے طور پر قبول کیا۔ ان شا اللہ ہم نئے مالی سال میں بقیہ تمام پارکوں کو بھی بحال کرنے کا عزم رکھتے ہیں اس سال ہمارا اراداہ ہے کہ گلشن اقبال ٹاون کے پارکوں میدانوں سڑکوں اور تعلیمی اداروں میں ایک لاکھ درخت لگائیں گے۔
ڈاکٹر فواد نے کہا کہ وہ چند روزہ شجر کاری مہم کے قائل نہیں ہیں بلکہ اسے ایک مستقل کام سمجھتے ہیں۔ ہم سال میں دو مرتبہ یعنی اس سال جولائی،اگست اور فروری، مارچ میں بھرپور انداز میں شجر کاری کریں گے۔ یہ کام صرف ٹاون انتظامیہ کے کرنے سے نہیں ہوگا۔ اس کے لیے کے ایم سی، صوبائی حکومت، نجی تعلیمی اداروں اور این جی اوز کا تعاون بھی درکار ہوگا۔ مجھے خوش ہے کہ آج ہم شہر کی دو معروف این جی اوز کے ساتھ شجر کاری میں تعاون کے حوالے سے ایم او یو سائن کررہے ہیں۔ ہم گلشن اقبال ٹاون کے پارکوں میں زیتون کے ایک ہزار درخت لگائیں گے۔ زیتون کے درخت پورا سال ہرے بھرے رہتے ہیں ان کی عمر طویل ہوتی ہے انہیں پانی بھی کم درکار ہوتا ہے