منعم ظفر خان کی حافظ اتقاء معین کی نماز جنازہ میں شرکت ، اہل خانہ سے ملاقات و تعزیت ، قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ

کراچی(صباح نیوز)نو منتخب امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے گلشن اقبال میں ڈکیتی کی واردات میں ڈاکوئوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے نوجوان حافظ اتقاء معین کی نماز جنازہ میں شرکت کی، نماز جنازہ جامعہ ستاریہ گلشن اقبال میںادا کی گئی ،قبل ازیں منعم ظفر خان نے حافظ اتقاء معین کی رہائش گاہ پر جاکر ان کے اہل خانہ سے ملاقات اور دلی تعزیت کا اظہار کیا ۔

منعم ظفر خان نے حافظ اتقاء معین کی مغفرت اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی اور کہا کہ جماعت اسلامی ان کے غم میں شریک ہے اور قتل کی اس واردات کی شدید مذمت کرتی ہے ۔ سندھ حکومت، محکمہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کی جان و مال کے تحفظ میں مکمل طور پر ناکام ہو گئے ہیں اور جرائم پیشہ عناصر و مسلح ڈاکوشہرمیں مسلسل اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں ۔

منعم ظفر خان نے مطالبہ کیا کہ حکومت اتقاء معین کے قاتلوں کو گرفتار کرے ، ڈاکوئوں کی سرکوبی اور عوام کے تحفظ کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات کرے ، ملاقات میں ٹائون چیئر مین گلشن اقبال ڈاکٹر فواد ، یوسی چیئر مین مظفر اقبال اور ناظم علاقہ نعمان پٹیل بھی موجود تھے ۔